پاکستان

مزدوری کیلئے اسلام آباد سے تھائی لینڈ جانے والے شہری کو اغوا کرلیا گیا

اغوا کاروں نے بیٹے کو برما بارڈر کے قریب رکھا ہوا ہے، اس مقام پر مزید پاکستانی شہری مغوی ہیں، حکومت میرے بیٹے کی رہائی کے لیے اقدامات کرے، والد کی اپیل

مزدوری کے لیے اسلام آباد سے تھائی لینڈ جانے والے پاکستانی شہری حماد الرحمٰن کو اغوا کر لیا گیا جب کہ مغوی اس کی رہائی کے لیے اہل خانہ سے تاوان کی ادائیگی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق مغوی حماد الرحمٰن کے والد کا کہنا ہےکہ بیٹے کو ایئر پورٹ سے اغوا کیا گیا، انہوں نے اپیل کی کہ حکومت میرے بیٹے کی رہائی کے لیے اقدامات کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملزمان کی جانب سے گھر والوں کو ٹیلی گرام پر رابطے کی ہدایت کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اغوا کاروں نے حماد الرحمٰن کو برما بارڈر کے قریب رکھا ہوا ہے، اسے جس مقام پر مغوی کو رکھا گیا ہے وہاں مزید بھی پاکستانی شہری بھی مغویوں کی تحویل میں موجود ہیں۔

حماد الرحمٰن کے والد نے بتایا کہ مغوی پر روزانہ تشدد کیا جاتا ہے اور رہائی کے لیے 50 ہزار امریکی ڈالر کی ادائیگی کا مطالبہ کیا جاتا ہے۔