پاکستان

سیکیورٹی فورسز کی شمالی وزیرستان، ضلع خیبر میں کامیاب کارروائیاں، 4 خارجی ہلاک

مارے گئے خوارج سے اسلحہ، گولہ بارود بھی برآمد ہوا، دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں، معصوم شہریوں کیخلاف متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہے، آئی ایس پی آر

پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے اضلاع شمالی وزیرستان اور خیبر میں کامیاب کارروائیوں کے دوران 4 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ضلع شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران خارجی انصاف اللہ سمیت 2 خوارج کو ہلاک کردیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق دوسرا آپریشن ضلع خیبر میں کہا گیا جس کے دوران بھی 2 خارجی دہشت گرد مارے گئے، اس کارروائی میں 3 دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جب کہ ہلاک دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہے۔

واضح رہے کہ 24 اکتوبر کو آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ فورسز نے 23 اور 24 اکتوبر کی درمیانی شب خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع باجوڑ میں کارروائی کرتے ہوئے9 خارجیوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران دو خودکش بمباروں کے ساتھ ساتھ ایک ہائی ویلیو ٹارگٹ خارجی رنگ لیڈر سید محمد عرف قریشی استاد کو جہنم واصل کر دیا گیا۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان گزشتہ کچھ عرصے سے دہشت گردی کے مسائل سے دوچار ہیں اور سیکیورٹی فورسز مسلسل دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں مصروف عمل ہیں۔

اس سے قبل رواں ماہ 5 اکتوبر کو خیبرپختونخوا کے ضلع سوات کے علاقے چارباغ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خفیہ اطلاع پر مشترکہ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں خارجی دہشت گرد سرغنہ عطااللہ عرف مہران سمیت 2 خوارج کو ہلاک کر دیا تھا۔

اسی دن شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹننٹ کرنل اور 5 سپاہی شہید ہوگئے تھے جبکہ فورسز نے 6 خوارج کو ہلاک کر دیا تھا۔