پاکستان

پاکستان جموں و کشمیر کے عوام سے مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے، ترجمان دفتر خارجہ

پاکستان اور بیرون ممالک سفارتخانوں میں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے تقریبات منعقد کی گئی، ممتاز زہرہ بلوچ

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں بھارتی افواج کے غاصبانہ قبضہ کے 77 سال مکمل ہونے کے موقع پر پاکستان جموں و کشمیر کے عوام سے مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق جموں و کشمیر پر بھارتی تسلط کو77 سال مکمل ہونے کے موقع پر ایک بیان میں ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار کی جانب سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو کشمیر کی صورتحال بارے خطوط بھی لکھے گئے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے بیان میں مزید کہا کہ آج کے دن کی مناسبت سے صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھنے کا پیغام دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے مقبوضہ کشمیر کا حل سلامتی کونسل کے فیصلوں کے مطابق ضروری قرار دیا ہے، سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ کی جانب سے اسلام آباد میں مختلف سفارتی مشنز کو مقبوضہ جموں کشمیر کی صورتحال پر بریفنگ بھی دی گئی ہے۔

ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ آج کے دن کے حوالے سے پاکستان اور بیرون ممالک مختلف تقریبات کا بھی اہتمام کیا گیا ہے، بیرون ممالک کے سفارت خانوں میں عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے تقریبات منعقد کی گئی ہیں۔