چینی یونیورسٹی میں تحقیقی مرکز پاکستانی سائنسدان کے نام سے منسوب
چین کی ہُنان یونیورسٹی آف میڈیسن نے اپنے نئے افتتاحی تحقیقی مرکز کا نام پاکستانی سائنسدان اور پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کے نام پر رکھ دیا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی سے جاری بیان کے مطابق اس مرکز میں 17 کل وقتی محققین ہوں گے جو پاکستان اور چین کے درمیان سائنسی تعاون کو فروغ دینے کے لیے وقف ہیں۔
1912 میں قائم کیا گیا یہ ادارہ چین میں ایک قومی پبلک میڈیکل یونیورسٹی ہے جس میں ساڑھے 4 ہزار سے زیادہ فیکلٹی ممبران اور 14 ہزار 425 کل وقتی طلبہ کے ساتھ یہ جامعہ تقریباً 20 انڈرگریجویٹ اور گریجویٹ میڈیکل پروگرام میں تعلیم فراہم کرتی ہے۔
ڈاکٹر اقبال چوہدری نے ماضی میں چینی اور پاکستانی سائنسدانوں کے درمیان تعاون بالخصوص دونوں ممالک کے درمیان تحقیقی مراکز کے قیام کو فروغ دینے پر زور دیتے رہے۔
انہوں نے متعدد ایوارڈز بھی حاصل کیے جن میں ہلال امتیاز، ستارہ امتیاز اور تمغہ امتیاز جیسے سول اعزازات شامل ہیں، انہیں بائیو آرگینک کیمسٹری کے شعبے میں ان کی خدمات کے لیے 2021 میں مصطفیٰ انعام سے نوازا گیا۔
فی الحال، وہ وسطی اور جنوبی ایشیا کے لیے ورلڈ اکیڈمی آف سائنسز کے نائب صدر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، مزید برآں، وہ سائنسی تنظیموں جیسے اکیڈمی آف سائنسز فار دی ڈیولپنگ ورلڈ اور لندن میں رائل سوسائٹی آف کیمسٹری کے ریسرچ فیلو بھی ہیں۔
بیان میں بتایا گیا کہ اس سہولت کا قیام چین اور پاکستان کے درمیان سائنسی تحقیق میں تعاون کو مضبوط بنانے میں ایک اہم قدم ہے۔