پاکستان

اورنگی ٹاؤن میں 7 سالہ بچے کے قتل میں ملوث قریبی عزیز گرفتار

واقعہ خاتون سے دست درازی پر مزاحمت کا شاخسانہ نکلا، گرفتار ملزم سمیر علی ہاشمی مقتول سبحان کے والد کا کزن ہے، پولیس

کراچی پولیس نے اورنگی ٹاؤن میں 7 سالہ سبحان کو قتل اور اسکی والدہ اور بہن کو زخمی کرنے میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ خاتون سے دست درازی پر مزاحمت کا شاخسانہ نکلا، گرفتار ملزم مقتول سبحان کے والد کا کزن ہے۔

رواں ہفتے اورنگی ٹاؤن میں لیاقت اسکول کے قریب گھر سے خاتون اور 2 بچے زخمی حالت میں ملے تھے۔ بدھ کو اورنگی ٹاؤن تھانے سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا خاتون اور بچوں پر تیز دھار آلے کے وار کیے گئے تھے۔

پولیس سرجن ڈاکٹر ثمعیہ سید نے کہا تھا کہ حملے کے نتیجے میں مقتول کے سر پر شدید چوٹیں آئی تھیں جن کے نتیجے میں اس کی ناک اور کان سے خون جاری ہوگیا تھا جبکہ اس کی 30 والدہ رمشا اور 5 سالہ بہن علیزہ اسپتال میں زیرعلاج تھے۔

ضلع غربی پولیس کی جانب سے جاری ایک بیان میں ابتدائی تفتیش کی بنیاد پر واردات کو کسی ذاتی تنازع کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے شبہ ظاہر کیا گیا تھا کہ اس میں کوئی قریبی عزیز ملوث ہے۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ( ایس ایس پی) طارق الہٰی مستوئی کی جانب سے اتوار کو جاری ایک بیان میں ایک ملزم کی گرفتاری کی تصدیق کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ بدھ کا گزشتہ ہفتے کی صبح لی مارکیٹ کے رہائشی عمارت کے فلیٹ میں 4 خواتین کے بہیمانہ قتل کے چند دن بعد سامنے آیا تھا، 4 خواتین کے قتل کی خبر پھیلتے ہی شہر کو خوف و ہراس کی فضا نے جکڑ لیا تھا تاہم اسی شام پولیس نے کیس حل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے مقتولین کے قریبی عزیز کو گرفتار کرلیا تھا۔

ایس ایس پی سٹی عارف عزیز نے ڈان کو بتایا تھا کہ چاروں خواتین کی گلا کٹی لاشیں بغدادی تھانے کی حدود میں واقع بانٹوا اسٹریٹ میں واقع زینب آرکیڈ کی 7 ویں منزل کے فلیٹ سے ملی تھیں۔

اورنگی ٹاؤن میں 7 سالہ سبحان کے بہیمانہ قتل کے حوالے سے جاری کردہ پولیس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ملزم سمیر علی ہاشمی کو ایس ایچ او کی قیادت میں قائم کی گئی پولیس ٹیم نے گرفتار کیا تھا۔ پولیس نے تصدیق کی ہے کہ ملزم سمیر متاثرہ خاندان کا عزیز ہے اور بچے کے والد کا کزن ہے، ملزم نے بچے کی والدہ سے دست درازی کی کوشش کی تھی۔

پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ملزم نے مزاحمت کرنے پر رمشا اور اسکے بچوں پر چھری سے حملہ کیا، رمشا کے شوہر شاہ رخ کی مدعیت میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا جاچکا ہے، پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارووائی کے لیے تفتیشی حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔