پاکستان

لاہور فضائی آلودگی کی شدید لپیٹ میں، آج بھی آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر رہا

بھارتی شہر امرتسر سے چلنے والی اسموگ کی وجہ سے لاہور کے اے کیو آئی میں غیرمعمولی اضافہ ہوا۔

لاہور فضائی آلودگی کی شدید لپیٹ میں ہے اور آج پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر آگیا، بھارتی شہر امرتسر سے چلنے والی اسموگ کی وجہ سے لاہور کے ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) میں غیرمعمولی اضافہ ہوا۔

ڈان نیوز کے مطابق محکمہ تحفظ ماحول کے مطابق غیر معمولی اے کیو آئی کا سبب امرتسر بھارت سے چلنے والی سموگ زدہ ہوا ہے، 7 کلومیٹر کی رفتار سے چلنے والی یہ آلودہ ہوا دہلی سے لے کر چندی گڑھ اور پھر امرتسر سے لاہور میں داخل ہوئی۔

یاد رہے کہ اے کیو آئی فضا میں موجود آلودہ ذرات کے مقدار کی پیمائش کرتا ہے، جن میں باریک ذرات (پی ایم 2.5)، موٹے ذرات (پی ایم 10)، نائٹروجن ڈائی آکسائیڈ (این او 2) اور اوزون (او 3) شامل ہیں، 100 سے زیادہ اے کیو آئی کو ’مضر صحت‘ جب کہ 150 سے زیادہ کو ’بہت زیادہ مضر صحت‘ سمجھا جاتا ہے۔

سیکرٹری محکمہ تحفظ ماحول کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ لاہور کا اے کیو آئی حساس اورکمزور افراد کے لیے مضرصحت ہے۔

’بھارت میں امرتسر سے چلنے والی سموگ زدہ ہوا کے دباؤ کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹے کا اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے‘۔

سیکرٹری محکمہ تحفظ ماحول راجا جہانگیر انور نے کہا کہ یہ غیرمعمولی اےکیو آئی ہے، ہمارے سیٹلائٹ اور موسمیاتی تحقیقاتی اداروں کے مطابق اس وقت ہوا 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے لاہور کی جانب چل رہی ہے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ باہر ورزش یا واک سے پہلے اے کیو آئی چیک کرلیں، کھلی جگہ پر جانے سے پہلے ماسک لازمی استعمال کریں، بچوں کو آؤٹ ڈور نہ کھیلنے دیں، زیادہ سموگ زدہ علاقوں کی جانب سفر سے گریز کریں۔

سیکریٹری محکمہ تحفظ ماحول نے کہا کہ عوام گھروں کی کھڑکیاں دروازے بند رکھیں، بچےاور بزرگ اوپن سرگرمیوں سے اجتناب کریں، شہری اپنی گاڑیوں کی فورفٹنس کروائیں اور اسموگ میں مزید اضافہ نہ کریں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سانس اور دل کے مریض اپنے معالج کے مشورے کے بغیرورزش نہ کریں اوربلاوجہ باہر نہ جائیں، کسی بھی قسم کے دھویں کی فوری اطلاع 1373پر دیں۔