کھیل

پی سی بی کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان، فخر اور سرفراز سمیت متعدد کھلاڑی محروم

نئے کنٹریکٹ میں شاہین شاہ آفریدی ایک درجہ تنزلی کے بعد بی کیٹیگری میں چلے گئے ہیں، پانچ نئے کھلاڑیوں کو پہلی مرتبہ کنٹریکٹ دیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے مالی سال 25-2024 کے لیے قومی ٹیم کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا ہے اور شاہین شاہ آفریدی ایک درجہ تنزلی کے بعد بی کیٹیگری میں چلے گئے ہیں جبکہ سابق کپتان سرفراز احمد اور فخر زمان سمیت متعدد کھلاڑی اس بار کنٹرکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ اسی اسٹرکچر کے تحت دیا گیا ہے جس پر گزشتہ سال کھلاڑیوں نے بورڈ کے ساتھ تین سال کے لیے اتفاق کیا تھا۔

نئے اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے پانچ نئے کھلاڑیوں کو پہلی بار سینٹرل کنٹریکٹ دیا گیا ہے جن میں عباس آفریدی، محمد عرفان خان، محمد علی، خرم شہزاد اور عثمان خان شامل ہیں اور انہیں کیٹیگری ڈی میں رکھا گیا ہے۔

گزشتہ سال 30 کھلاڑیوں کے برعکس اس سال بورڈ کی جانب سے مجموعی طور پر 25 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دیا گیا ہے جن کے نام درج ذیل ہیں۔

کیٹیگری اے: بابر اعظم اور محمد رضوان

کیٹیگری بی: نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور شان مسعود

کیٹیگری سی: سعود شکیل، شاداب خان، حارث رؤف، ابرار احمد، نعمان علی، صائم ایوب، ساجد خان، سلمان علی آغا اور عبداللہ شفیق۔

کیٹیگری ڈی: عامر جمال، حسیب اللہ، کامران غلام، خرم شہزاد، میر حمزہ، محمد عباس آفریدی، محمد علی، محمد ہریرہ، محمد عرفان خان، محمد وسیم جونیئر اور عثمان خان۔

گزشتہ سال کے مقابلے میں نئے کنٹریکٹ متعدد کھلاڑیوں کو ڈراپ کرنے کے ساتھ ساتھ لاتعداد کی تنزلی بھی کی گئی ہے۔

کنٹریکٹ کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ فخر زمان اور سرفراز احمد سمیت متعدد کھلاڑیوں کی عدم موجودگی ہے جہاں ان دونوں کھلاڑیوں کے علاوہ محمد نواز، افتخار احمد، امام الحق، محمد نواز، طیب طاہر، فہیم اشرف، حسن علی، ارشد اقبال، احسان اللہ، شاہنواز دھانی، محمد حارث، اسامہ میر، عماد وسیم اور زمان خان بھی کنٹریکٹ حاصل نہ کر سکے۔

گزشتہ سال بی کیٹیگری میں موجود شاداب خان اور حارث رؤف کی اس سال تنزلی ہوئی ہے اور دونوں اب کیٹیگری سی میں موجود ہیں۔