پاکستان

نواز شریف دبئی میں ایک روز قیام کے بعد لندن پہنچ گئے

29 اکتوبر کو لندن سے نواز شریف امریکا جائیں گے، جہاں وہ 4 روز رکنے کے بعد واپس لندن پہنچیں گے، پارٹی ذرائع

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف دبئی میں ایک روز قیام کے بعد لندن پہنچ گئے، ایون فیلڈ اپارٹمنٹ پہنچنے پر کارکنوں نے اپنے لیڈر کا استقبال کیا۔

ڈان نیوز کے مطابق نواز شریف کے لندن میں اپنی رہائشی ایون فیلڈ اپارٹمنٹ پہنچنے پر جہاں لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا، وہیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکن بھی احتجاج کے لیے وہاں موجود رہے۔

سابق وزیراعظم کی موجودگی میں تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کی جب کہ حالات قابو میں رکھنے کے لئے لندن پولیس کی نفری بھی موجود رہی۔

لندن پہنچنے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے صدر میڈیا سے بات چیت کیے بغیر ہی اپنے گھر کے لیے روانہ ہوگئے۔

واضح رہے کہ نواز شریف 25 اکتوبر کو غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز ای کے 625 کے ذریعے آج صبح دبئی روانہ ہوئے تھے، جہاں سے وہ لندن پہنچ کر اہم ملاقاتیں کریں گے۔

پارٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ 29 اکتوبر کو لندن سے نواز شریف امریکا جائیں گے، جہاں وہ 4 روز رکنے کے بعد واپس لندن پہنچیں گے۔