پاکستان

نیپرا کا کراچی والوں کو بجلی کا ایک اور زوردار جھٹکا، فی یونٹ 3 روپے 3 پیسے مہنگا کردیا

کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں اضافہ جولائی 2024 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے، نیپرا کا اعلامیہ

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی والوں کو بجلی کا ایک اور زوردار جھٹکا دیتے ہوئے قیمتوں میں 3 روپے 3 پیسے فی یونٹ اضافہ کردیا۔

واضح رہے کہ کے الیکٹرک نےجولائی کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں 3.09 روپےفی یونٹ کا اضافہ مانگا تھا۔

نیپرا نے کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی مہنگی کرنے کا اعلامیہ جاری کردیا، نیپرا نے کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں اضافہ جولائی 2024 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا ہے۔

کے الیکٹرک کے اعلامیے کے مطابق صارفین سے اضافی وصولی دسمبر 2024 کے بلز میں کی جائے گی۔

واضح رہے کہ کےالیکٹرک نے گزشتہ روز ہی ستمبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں ایک ماہ کے لیے 16 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست نیپرا میں جمع کرائی تھی۔

ڈان نیوز کے مطابق کےالیکٹرک کی درخواست پر نیپرا 31 اکتوبر کو سماعت کرے گا۔

یاد رہے کہ نیپرا نے گزشتہ ماہ ہی کراچی سمیت ملک بھر کے صارفین کے لیے بجلی مزید ایک روپے 74 پیسے مہنگی کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا۔

نیپرا نے سابق واپڈا کی تقسیم کار کمپنیوں کو 43.23 ارب روپے کی فراہمی کے لیے ملک بھر میں 3 ماہ کے لیے ستمبر سے نومبر تک کے لیے بجلی کے نرخوں میں تقریبا ایک روپے 74 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری بھی دی تھی۔

نیپرا نے مالی سال 24-2023 کی چوتھی سہ ماہی کے لیے کپیسٹی چارجز میں تبدیلی، متغیر آپریشن اور مینٹیننس، اضافی فروخت پر اضافی وصولی، سسٹم کے استعمال کے چارجز، مارکیٹ آپریٹر فیس، اور ترسیل و تقسیم کے نقصانات پر فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کے اثرات کی بنیاد پر 4323 ارب روپے کی مثبت ایڈجسٹمنٹ کا تعین کیا ہے۔

نیپرا نے کہا کہ مالی سال 24-2023 کی چوتھی سہ ماہی کے لیے 4323 ارب روپے کی مثبت سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے، جو تین ماہ یعنی ستمبر سے نومبر 2024 کے دوران تقریبا ایک روپے 74 پیسے فی کلو واٹ گھنٹہ کے یکساں نرخ پر لاگو ہوگی۔

نیپرا نے کہا تھا کہ یہ اضافہ لائف لائن اور پری پیڈ صارفین کے علاوہ تمام صارفین پر لاگو ہوگا۔ یہ ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی لاگو ہوگی۔