پاکستان

کے-الیکٹرک کی صارفین کیلئے بجلی کی قیمت میں 16 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست

اگر قیمت میں من و عن کمی کی جاتی ہے تو کے-الیکٹرک صارفین کو 24 کروڑ 70 لاکھ روپےکا ریلیف ملے گا۔

کراچی کو بجلی سپلائی کرنے والی کمپنی کے-الیکٹرک نے ستمبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں ایک ماہ کے لیے 16 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست نیپرا میں جمع کرا دی۔

ڈان نیوز کے مطابق کے-الیکٹرک کی درخواست پر نیپرا 31 اکتوبر کو سماعت کرے گا۔

کے-الیکٹرک کی درخواست میں کراچی کے صارفین کے لیے ستمبر 2024 کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت ایک ماہ کے لیے 16 پیسے فی یونٹ کی کمی مانگی گئی ہے، من وعن کمی سے کے-الیکٹرک صارفین کو 24 کروڑ 70 لاکھ روپے کا ریلیف ملے گا۔

نیپرا سے کے-الیکٹرک کے لیے جولائی اور اگست 2024 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ آنا ابھی باقی ہے، کے-الیکٹرک نے ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں بالترتیب فی یونٹ 3.09 روپے اور 51 پیسے کا اضافہ مانگا تھا۔