اسلام آباد ہائیکورٹ: عمران خان کے طبی معائنے کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم
اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان کے طبی معائنے کے لیے میڈیکل بورڈ کی تشکیل کا حکم دے دیا۔
عدالت عالیہ نے پمز ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل سلطان کو بھی اس میں شامل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم دیا ہے کہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز میڈیکل بورڈ تشکیل دے کر رپورٹ جمع کرائیں اور عدالتی حکم کی نقل عملدرآمد کیلئے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو بھیجی جائے۔
عدالت نے قرار دیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی عمر 72 سال ہے، وہ سابق وزیراعظم اور انڈر ٹرائل قیدی ہیں، عمران خان کی درخواست ہدایات کے ساتھ نمٹائی جاتی ہے
واضح رہے کہ عمران خان نے ذاتی معالج کی نگرانی میں طبی معائنے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا، سابق وزیر اعظم کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے فیصلہ جاری کیا۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے 15 اکتوبر کو ایس سی او سربراہ کانفرنس کے موقع پر احتجاج کی کال اس شرط پر واپس لی تھی کہ بانی چیئرمین طبی معائنہ کرایا جائے گا تاہم پی ٹی آئی چیئرمین کے ذاتی معالج کو جیل میں رسائی نہیں دی گئی تھی اور 2 سرکاری ڈاکٹرز نے جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی کا معائنہ کرکے ان کی صحت کو تسلی بخش قرار دیا تھا۔ْ