پاکستان

ڈیفنس لاہور میں ڈاکوؤں نے جیمر کے ذریعے موبائل سگنل بلاک کرکے گھر کا صفایا کردیا

5 رکنی گینگ نے خصوصی ڈیوائس کے ذریعے موبائل، جی پی ایس اور وائی فائے کے سگنل بلاک کرکے گھر سے ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کے زیورات اور نقدی لوٹ لی۔

لاہور کے علاقے ڈیفنس میں ڈاکوؤں کے 5 رکنی گینگ نے خصوصی ڈیوائس کی مدد سے بلو ٹوتھ، موبائل فونز، جی پی ایس اور وائی فائے کے سگنل بلاک کرنے کے بعد گھر سے ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کے طلائی زیورات اور نقدی لوٹ لی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق 5 رکنی گینگ مختلف تھانوں کو چکمہ دیتے ہوئے بذریعہ موٹروے فرار ہوگیا، پولیس کی خصوصی ٹیمیں اسلام آباد اور سرگودھا کے خارجی راستوں پر انتظار کرتی رہ گئیں اور ملزمان فیصل آباد انٹرچینج سے فرار ہوگئے۔

صوبے کے مختلف شہروں کی پولیس متعدد ٹیموں کی تعیناتی کے باوجود خطرناک ڈاکوؤں کا سراغ لگانے اور انہیں گرفتار کرنے میں ناکام رہی۔

مبینہ طور پر مذکورہ گینگ نے 20 دنوں کے دوران ڈیفنس اے اور ڈیفنس سی تھانے کی حدود میں چوتھے گھر کا صفایا کیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پانچ نقاب پوش ڈاکو واردات کے لیے ایک خصوصی ڈیوائس ساتھ لائے تھے جس کی مدد سے انہوں نے متاثرہ گھر کے اطراف 100 میٹر کے دائرے میں تمام موبائل فون سروسز کو بلاک کردیا تھا تاکہ اہل خانہ مدد کے لیے پولیس یا کسی اور سے رابطہ نہ کرسکیں۔

ڈی ایچ اے فیز 4 کے ایف ایف بلاک میں واقع یہ مکان ریٹائرڈ ایس پی رانا عظیم کی ملکیت ہے جسے انہوں نے متاثرہ خاندان کو کرائے پر دے رکھا ہے۔

متاثرہ خاندان کے سربراہ مبشر احمد نے پولیس کو بتایا کہ پانچ مسلح ڈاکو منگل (22 اکتوبر) کو آدھی رات کے وقت ان کے گھر میں زبردستی داخل ہوئے، تین ملزمان نے رائفلز اور دو نے پستول تان رکھی تھیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ڈاکوؤں نے اہلخانہ کو ایک کمرے میں یرغمال بنایا اور 87 لاکھ 50 روپے سے زائد مالیت کا 35 تولہ سونا بشمول طلائی چوڑیاں اور لاکٹ سیٹ، 13 لاکھ روپے مالیت کی 12 برانڈڈ گھڑیاں اور 35 لاکھ روپے نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے، لوٹے گئے زیورات اور نقدی کی مجموعی مالیت ایک کروڑ 55 لاکھ روپے سے زائد ہے۔

مبشر احمد نے دعویٰ کیا کہ ڈاکوؤں میں سے ایک کی عمر 65 سے 70 سال اور دوسرے کی عمر 50 سال تھی۔

لاہور آرگنائزڈ کرائم یونٹ (او سی یو) کے ڈی آئی جی عمران کشور نے ڈان سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ڈیفنس اے اور سی تھانوں کی حدود میں گزشتہ 20 روز کے دوران مذکورہ گینگ کی جانب سے کی جانے والی یہ چوتھی ڈکیتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہر بار ڈاکو جعلی نمبر پلیٹوں والی ہونڈا سوک گاڑی کا استعمال کرتے ہیں، منگل کو ڈکیتی کے بعد ڈاکو موٹروے کی طرف فرار ہوگئے تھے، اہل خانہ کی اطلاع کے بعد پولیس نے کارروائی کا آغاز کردیا ہے اور جلد سراغ لگا کر انہیں گرفتار کرلیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ڈاکو جیسے ہی شیراکوٹ کے قریب پہنچے تو متعلقہ ایس ایچ او اور ان کی ٹیم کے ساتھ ان کا مقابلہ ہوا، ڈاکوؤں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کردی اور بیریئرز کو ٹکر مارنے کے بعد موٹروے تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔

ڈی آئی جی عمران کشور نے بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملی کہ ڈاکو موٹروے پر موجود ہیں تو پولیس کی ٹیموں نے اسلام آباد، سرگودھا اور کچھ دیگر اضلاع کے خارجی مقامات پر نفری تعینات کی، پولیس کو توقع تھی کہ ملزمان فرار ہونے کے لیے ان میں سے کسی ایک کا استعمال کریں گے تاہم وہ پولیس کو چکمہ دیتے ہوئے فیصل آباد انٹرچینج سے اچانک باہر نکل کر غائب ہوگئے۔

عمران کشور نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس نے ڈیرہ اسمٰعیل خان پولیس سے رابطہ کیا ہے، ہم مجرموں کا تعاقب کر رہے ہیں اور جلد ہی انہیں گرفتار کر لیں گے۔