پاکستان

باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، دو خود کش بمباروں سمیت 9 خارجی ہلاک

خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں 23 اور 24 اکتوبر کی درمیانی شب خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا، خارجی رنگ لیڈر سید محمد عرف قریشی استاد بھی مارا گیا۔

خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دو خود کش بمباروں سمیت 9 خارجیوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے باجوڑ میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر آپریشن کیا جہاں فورسز کو گزشتہ روز خارجیوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔

آپریشن 23 اور 24 اکتوبر کی درمیانی شب خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا جس میں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 9 خوارج ہلاک ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران دو خودکش بمباروں کے ساتھ ساتھ ایک ہائی ویلیو ٹارگٹ خارجی رنگ لیڈر سید محمد عرف قریشی استاد کو جہنم واصل کر دیا گیا۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔

بیان میں کہا گیا کہ علاقے میں پائے جانے والے مزید کسی خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز ملک دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان گزشتہ کچھ عرصے سے دہشت گردی کے مسائل سے دوچار ہیں اور سیکیورٹی فورسز مسلسل دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں مصروف عمل ہیں۔

اس سے قبل رواں ماہ 5 اکتوبر کو خیبرپختونخوا کے ضلع سوات کے علاقے چارباغ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خفیہ اطلاع پر مشترکہ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں خارجی دہشت گرد سرغنہ عطااللہ عرف مہران سمیت 2 خوارج کو ہلاک کر دیا تھا۔

اسی دن شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹننٹ کرنل اور 5 سپاہی شہید ہوگئے تھے جبکہ فورسز نے 6 خوارج کو ہلاک کر دیا تھا۔