پاکستان

اسٹاک ایکسچینج میں 1750 پوائنٹس کی ریکارڈ تیزی، انڈیکس میں پہلی بار 88 ہزار کی حد عبور

کاروبار کے اختتام پر انڈیکس مزید بہتری کے ساتھ ایک ہزار 751 پوائنٹس یا 2.01 فیصد بڑھ کر 88 ہزار 945 پر جا پہنچا۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں رواں ہفتے ریکارڈ بنانے کا سلسلہ جاری ہے، آج بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس ایک ہزار 751 پوائنٹس اضافے کے بعد تاریخ میں پہلی بار 88 ہزار کی حد عبور کر گیا۔

پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق صبح تقریباً 11 بج کر 6 منٹ پر کے ایس ای-100 انڈیکس 881 پوائنٹس یا 1.01 فیصد بڑھ کر 88 ہزار 76 پر پہنچ گیا۔

بعد ازاں، کاروبار کے اختتام پر انڈیکس مزید بہتری کے ساتھ ایک ہزار 751 پوائنٹس یا 2.01 فیصد بڑھ کر 88 ہزار 945 پر جا پہنچا۔

رواں ہفتے 21 اکتوبر بروز پیر کو اسٹاک مارکیٹ کا آغاز 85 ہزار 250 پوائنٹس سے ہوا تھا اور کاروبار کے اختتام پر 807 پوائنٹس اضافے سے مارکیٹ میں 86 ہزار 57 کی نفسیاتی حد بحال ہوئی تھی۔

اس طرح پیر سے آج (جمعرات) تک کے ایس ای-100 انڈیکس 3 ہزار 695 یا 4.3 فیصد بڑھ چکی ہے۔

بزنس ریکارڈر نے رپورٹ کیا کہ پاکستان کویت انویسٹمنٹ کمپنی کے شعبہ تحقیق کے سربراہ سمیع اللہ طارق نے تیزی کو شرح سود میں کمی کی توقع اور سیکیورٹیز پر کم منافع کے امکان سے منسلک کیا، جس کے نتیجے میں ایکویٹیز میں سرمایہ کاری کو فروغ مل رہا ہے۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹیو محمد سہیل کا کہنا تھا کہ بانڈ کی شرح منافع اور بنیادی شرح سود میں بڑی کمی کی توقعات کے نتیجے میں مقامی سطح پر جارحانہ خریداری جاری ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز مسلسل تیسرے روز اضافے کا رجحان برقرار رہا تھا اور بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 602 پوائنٹس بڑھ کر تاریخ میں پہلی بار 87 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر گیا تھا۔

اس سے ایک روز قبل (22 اکتوبر) کے ایس ای-100 انڈیکس 643 پوائنٹس یا 0.75 فیصد اضافے کے بعد 86 ہزار 701 کی تاریخی بُلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔

تاہم، کاروبار کے اختتام پر یہ رجحان برقرار نہ رہ سکا تھا اور انڈیکس 409 پوائنٹس یا 0.48 فیصد بڑھ کر 86 ہزار 466 پر بند ہوا تھا۔

بزنس ریکاڈر کی خبر کے مطابق بروکریج ہاؤس ٹاپ لائن سیکیورٹیز نے بتایا تھا کہ تیزی کے رجحان کی وجہ اداروں کی جانب سے خریداری اور بہتر کارپوریٹ آمدنی ہے۔

بروکریج ہاؤس اسمٰعیل اقبال سیکورٹیز کا کہنا تھا کہ مہنگائی میں کمی اور معاشی اشاریوں میں بہتری کی بدولت سرمایہ کاروں نے بہترین قیمت پر حصص خریدنے کے مواقع سے فائدے اٹھایا۔

21 اکتوبر کے ایس ای-100 انڈیکس 807 پوائنٹس یا 0.95 فیصد بڑھ کر 86 ہزار 57 پر پہنچ گیا تھا۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹیو افسر محمد سہیل نے بتایا تھا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری سے سیاسی بے یقینی میں کمی آئی ہے جس کے نتیجے میں مارکیٹ میں اضافہ ہوا۔

چیس سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ یوسف ایم فاروق کا کہنا تھا کہ شرکا کو امید ہے کہ سیاسی بے یقینی کم ہو گی اور معاشی استحکام جاری رہے گا۔

یاد رہے کہ سینیٹ کے بعد 21 اکتوبر کو 26 ویں آئینی ترمیمی بل قومی اسمبلی سے بھی 2 تہائی اکثریت کے ساتھ منظور ہو گیا تھا۔