پاکستان

معاملات کو ہنگامی بنیادوں پر نمٹانے کیلئے ایف بی آر افسران کو نئے اختیارات تفویض

3 ڈائریکٹر جنرلز، 4 چیف کسٹم کلکٹرز، 19 ڈائریکٹرز، 14 کلکٹرز سمیت کمانڈنٹ کسٹم انفورسمنٹ اسکول پشاور کو نئے اختیارات سونپے گئے، فیڈرل بورڈ آف ریونیو

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے محکمے میں زیر التوا معاملات کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کےلیے اپنے افسران کو نئے اختیارات تفویض کر دیے۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایف بی آر کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا کہ ایف بی آر کے 3 ڈائریکٹر جنرلز، 4 چیف کسٹم کلکٹرز، 19 ڈائریکٹرز، 14 کلکٹرز سمیت کمانڈنٹ کسٹم انفورسمنٹ اسکول پشاور کو نئے اختیارات سونپے گئے۔

مراسلے کے مطابق ڈی جی کسٹم انفورسمنٹ اسلام آباد، ڈائریکٹوریٹ آف کسٹم انفورسمنٹ کراچی، حیدر آباد، گڈانی، کوئٹہ اور لاہور کی مانیٹرنگ کریں گے

اس میں کہا گیا کہ ڈی جی کسٹم انفورسمنٹ ملتان، سرگودھا، اسلام آباد، پشاور، ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹر انفورسمنٹ اور کسٹم انفورسمنٹ اسکول پشاور کے معاملات کی بھی مانیٹرنگ کریں گے۔

مراسلے میں مزید کہا گیا کہ ایف بی آر کے 19 ڈائریکٹرز اور 14 کلکٹرز کو بھی نئے ٹاسک دے دیے گئے، کمانڈنٹ کسٹم انفورسمنٹ اسکول پشاور کو بھی نئے ٹاسک دے دیے گئے۔

اس میں کہا گیا کہ افسران کو نئے اختیارات تفویض کرنے کا مقصد زیر التوا محکمانہ معاملات کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنا ہے۔