پاکستان

کراچی: اورنگی ٹاؤن میں 6 سالہ بچے کا بہیمانہ قتل، ماں اور بہن شدید زخمی

قریبی عزیز نے گھر میں گھس کر ماں اور 2 بچوں پر تیز دھار آلے کے وار کیے، 7 سالہ سبحان عباسی ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا، اورنگی ٹاؤن پولیس
|

کراچی کے علاقے اورنگی میں شقی القلب قریبی عزیز نے گھر میں گھس کر تیز دھار آلے کے وار کرکے 6 سالہ بچے کو قتل اور اس کی والدہ اور بہن کو شدید زخمی کردیا۔

اورنگی ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے مطابق اورنگی ٹاؤن میں لیاقت اسکول کے قریب واقع گھر سے تیز دھار آلے کے وار سے زخمی خاتون اور 2 بچے ملے تھے، زخمیوں کو فوری طور پر عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں 7 سالہ سبحان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

پولیس سرجن سمعیہ سید کے مطابق مقتول سبحان کو حملے کے دوران سر پر شدید چوٹیں آئی تھیں جس کے باعث اس کی ناک اور کان سے خون جاری ہوگیا تھا جبکہ اس کی بہن 5 سالہ علیزہ اور والدہ 30 سالہ رمشا ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

ڈاکٹر سمعیہ سید نے ڈان کو بتایا کہ حملے کے دوران 5 سالہ بچی کے چہرے اور سر پر چوٹیں آئی ہیں جبکہ اس کی والدہ کے بھی چہرے اور سر پر گہرے زخم آئے ہیں اور ماں بیٹی کی حالت تشویشناک ہے، پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہے۔

پولیس کے مطابق متاثرہ خاندان نے پولیس کو اہم معلومات مہیا کردی ہیں جبکہ ملزم نے خود فون کرکے پولیس کو واقعے سے آگاہ کیا تھا۔

ڈان نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے اور اس میں قریبی رشتہ دار ملوث ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کراچی کے علاقے لی مارکیٹ میں رہائشی عمارت میں واقعے سے 4 خواتین کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں جنہیں تیز دھار آلے سے بے دردی سے قتل کیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق پولیس حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ واقعے میں ملوث ملزم بلال کو اپنے گھر کی کچھ خواتین کے کردار پر شک تھا جس پر اس نے اپنی والدہ، بھابھی، مطلقہ بہن اور بھانجی کو تیز دھار آلے کے وار کرکے قتل کیا۔

پولیس کے مطابق زیر حراست ملزم کی طلاق ہوچکی ہے، پولیس نے ملزم کے اعتراف جرم کے بعد مقدمہ درج کرلیا تھا۔