پاکستان

پی ٹی آئی ارکان کو اغوا کرکے ایوان میں لایا گیا، عمر ایوب

ہمارے وکلا عدالت میں ہیں لیکن جج موجود نہیں، ارکان کو جس سفید گاڑی میں لایا گیا اس کا رجسٹریشن نمبر نوٹ کرلینا چاہیے، رہنما پی ٹی آئی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ ہمارے ارکان کو اغوا کرکے ایوان میں لایا گیا، جس طریقے سے 26ویں آئینی ترمیم منظور کی گئی ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ پی ٹی آئی کے 5 اراکین کو اغوا کرکے ایوان میں لایا گیا اور ان سے زبردستی ووٹ ڈلوایا گیا، جس طریقے سے 26ویں آئینی ترمیم کی گئی ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ارکان کو جس سفید گاڑی میں لایا گیا اس کا رجسٹریشن نمبر نوٹ کر لینا چاہیے، خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین سید خورشید شاہ کو بھی مسودے کے حوالے سے معلومات نہیں تھی۔

عمر ایوب کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت ترقی کرے گا جب آئین اور قانون کی بالادستی ہوگی، آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے ہماری جنگ جاری رہے گی۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے وکلا عدالت میں ہیں لیکن جج موجود نہیں ہیں، پاکستان میں آئین اور قانون موجود نہیں، جج صاحبان کو ہی غائب کردیا جاتا ہے۔

عمرایوب کا مزید کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کو بے گناہ جیل میں رکھا ہوا ہے، بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ کیس میں بغیر کسی وجہ کے نامزد کیا گیا۔