پاکستان

اسلحے سے بھری گاڑی چھینے کا معاملہ: پولیس اہلکاروں سمیت 12سے زائد ملزمان کیخلاف مقدمہ درج

جیکب آباد پولیس اسلحہ لیبارٹری لاڑکانہ سے چیکنگ کے بعد واپس لارہی تھی، اس دوران شکارپور کی حدود میں ملزمان اسلحہ سے بھری گاڑی چھین کرفرار ہوگئے، ایف آئی آر کا متن

جیکب آباد پولیس سے شکارپور کی حدود میں اسلحے سے بھری گاڑی چھینےکا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق مقدمہ شکارپور کےاسٹول گنج تھانہ میں دہشت گردی ایکٹ کے تحت پولیس اہلکاروں سمیت 12 سےزائد ملزمان کےخلاف درج کیاگیا۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق جیکب آباد پولیس اسلحہ لیبارٹری لاڑکانہ سے چیکنگ کے بعد واپس لارہی تھی، اس دوران شکارپور کی حدود میں ملزمان اسلحہ سے بھری گاڑی چھین کرفرار ہوگئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سندھ کے ضلع شکارپور میں نامعلوم ملزمان جیکب آباد پولیس سے اسلحہ سے بھری گاڑی چھین کر فرار ہوگئے تھے جبکہ واقعے کے بعد سب انسپکٹر، ہیڈ محرر اور محرر کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

جیکب آباد تھانہ صدر پولیس نے 2 اکتوبرکو دوران چیکنگ اسلحہ اسمگنگ کی کوشش ناکام بنائی تھی۔

رپورٹ کے مطابق کارروائی کے دوران پولیس نے 138 عدد نائن ایم ایم پستول اور 30 بور کے میگزین برآمد کیے تھے۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) نے کہا تھا کہ اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے، تفتیش مکمل ہونے کے بعد گرفتار اہلکاروں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔