پاکستان

جامعہ پنجاب: طلبہ تنظیم اور گارڈز میں تصادم، ایس ایچ او اور متعدد گارڈز زخمی

گزشتہ روز پیش آئے تشدد کے واقعے کی ایف آئی آر درج کرانے والے گارڈ آج پھر طلبہ کے ہتھے چڑھ گئے، تشدد، پتھراؤ اور شیشے کی بوتلیں لگنے سے متعدد گارڈز زخمی، کئی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں واقع جامعہ پنجاب میں طلبہ تنظیم اور سیکیورٹی گارڈز میں تصادم کے دوران طلبہ کے تشدد اور پتھراؤ سے ایس ایچ او مسلم ٹاؤن اور متعدد گارڈز زخمی ہوگئے، طلبہ نے پتھر اور شیشے کی بوتلیں مار کر متعدد گاڑیوں کے شیشے بھی توڑ دیے۔

جامعہ پنجاب میں جھگڑےکا واقعہ شعبہ بین الاقوامی تعلقات کے باہر پیش آیا، گارڈز اور طلبہ کے درمیان تلخ کلامی جھگڑے میں بدل گئی جس کے بعد طلبہ کی بڑی تعداد نے متعدد گارڈز کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

ڈان نیوز نے ذرائع کے حوالے سے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی اسٹوڈنٹس فیڈریشن (پی یو ایس ایف) نے گزشتہ رات 2 گارڈز کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس پر گارڈز نے طلبہ کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا تھا، آج وہی گارڈز دوبارہ طلبہ کے ہتھےچڑھ گئے جس پر تلخ کلامی کے بعد طلبہ نے گارڈز کو شدید زد و کوب کیا۔

اس دوران طلبہ نے سیکیورٹی گارڈز پر پتھراؤ کیا اور شیشے کی بوتلیں ماریں۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے صورتحال کشیدہ ہونے پر پولیس کو طلب کرلیا، تاہم اس موقع پر ایس ایچ او مسلم ٹاؤن انسپکٹر عاطف بھی شیشے کی بوتل لگنے سے زخمی ہوگئے۔

ایس پی اقبال ٹاؤن کا کہنا تھا کہ پنجاب یونیورسٹی میں جھگڑا کرنے والے فریقین کو منتشر کردیا گیا ہے، انتشار پسند عناصر کے خلاف بھرپور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔