پاکستان

کورم پورا نہ ہونے کے باعث سینیٹ اجلاس بغیر کارروائی ملتوی

افسوس ہوا کہ کوئی وفاقی وزیر سوالات کے جوابات دینے کے لیے نہیں موجود ہے،سینیٹر سلیم مانڈی والا کا ایوان میں اظہار خیال

ملک کے ایوان بالا (سینیٹ) کا اجلاس کورم پورا نہ ہونے کے باعث بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کردیا گیا۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق جیسے اجلاس شروع ہوا تو وفاقی وزرا کی سینیٹ میں عدم موجودگی کے باعث اسے 20 منٹ کے لیے ملتوی کیا گیا۔

پیپلز پارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈی والا نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ افسوس ہوا کہ کوئی وفاقی وزیر سوالات کے جوابات دینے کے لیے نہیں موجود ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ سینیٹ سیکریٹریٹ نوٹس لے کہ کوئی وزیر ابھی تک ایوان میں کیوں نہیں پہنچا۔

20 منٹ کے وقفے کے بعد اجلاس دوبارہ شروع تو جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینیٹر احمد خان نے ہاؤس میں کورم پورا نہ ہونے کی نشاندہی کی، سینیٹ میں کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس جمعے کی صبح 10 بج کر 30 منٹ تک ملتوی کردیا گیا۔