پاکستان

آئینی ترمیم کی بنیاد کوئی ڈیل نہیں، یہ سیاسی جماعتوں کا متفقہ فیصلہ ہے، گورنر پنجاب

اب ججز من پسند فیصلے نہیں کرسکتے، ایگیویکٹو کے معاملات میں عدلیہ کا دخل نہیں ہونا چاہیے، 19ویں ترمیم میں ججز کی تعیناتی کا طریقہ کار خراب کر دیا گیا تھا، سردار سلیم حیدر خان

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ کہ آئینی ترمیم کسی ڈیل کی بنیاد پر نہیں بلکہ سیاسی جماعتوں کا متفقہ فیصلہ تھا۔

گورنر ہاؤس میں آئینی ترمیم کی منظوری کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا کہنا تھا کہ آئینی ترمیم کی منظوری چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی محنت سے ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر کچھ لوگ آئینی ترمیم پر احتجاج کرنا چاہتے ہیں تو ان کی مرضی ہے، آج اگر اتحادی حکومت چل رہی ہے، اس میں اہم کردار آصف علی زرداری کا ہے، پی ٹی آئی ججز تعیناتی کی پارلیمانی کمیٹی میں شامل نہیں ہوئی جب کہ اس معاملے میں کسی کو نہیں اٹھایا گیا۔

سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ کسی نے غلط کیا تو اس کی سزا اس کو کاٹنی پڑے گی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ آئینی ترمیم کسی ڈیل کی بنیاد پر نہیں بلکہ سیاسی جماعتوں کا متفقہ فیصلہ تھا ترمیم سے محترمہ اور نواز شریف کے درمیان چارٹر آف ڈیموکریسی کو مکمل کیا گیا پی ٹی آئی کا وطیرہ بن گیا ہے کہ ہر درست عمل کو سوشل میڈیا پر غلط کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب ججز من پسند فیصلے نہیں کرسکتا، ایگیویکٹو کے معاملات میں عدلیہ کا دخل نہیں ہونا چاہیے، انیسویں ترمیم میں ججز کی تعیناتی کا طریقہ کار خراب کر دیا گیا تھا۔