لائف اسٹائل

تین طلاقوں کے بعد برٹنی اسپیئرز نے خود سے چوتھی شادی کرلی

برٹنی اسپیئرز نے تیسری شادی ایرانی نژاد امریکی شخص صام اصغری سے جون 2022 میں کی تھی لیکن محض 14 ماہ بعد ہی ان کے درمیان علیحدگی ہوگئی تھی۔

معروف امریکی پاپ گلوکارہ، ادکارہ و موسیقار برٹنی اسپیئرز نے تین طلاقوں کے بعد چوتھی شادی خود سے ہی کرکے سب کو حیران کردیا۔

برٹنی اسپیئرز نے انسٹاگرام پر اپنی عروسی لباس میں مختصر ویڈیو شیئر کی، جس میں انہیں دلہن کے روپ میں دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو کے کیپشن میں انہوں نے تصدیق کی کہ انہوں نے خود سے ہی شادی کرلی اور ساتھ ہی ماضی میں کی گئی شادیوں کو احمقانہ اور بے وقوفانہ فیصلہ قرار دیا۔

پیپلز میگزین کے مطابق برٹنی اسپیئرز نے تین طلاقوں کے بعد خود سے ہی چوتھی شادی کرکے اپنے مداحوں سمیت اپنے عزیزوں کو بھی حیران کردیا۔

برٹنی اسپیئرز نے تیسری شادی ایرانی نژاد امریکی شخص صام اصغری سے جون 2022 میں کی تھی لیکن محض 14 ماہ بعد ہی ان کے درمیان علیحدگی ہوگئی تھی۔

برٹنی اسپیئرز نے اگست 2023 میں شوہر سے علیحدگی کی تصدیق کی تھی اور مئی 2024 میں عدالت نے دونوں کی طلاق کا فیصلہ جاری کردیا تھا۔

اس سے قبل بھی برٹنی اسپیئرز کی دو شادیاں طلاق پر ہی ختم ہوئی تھیں۔

برٹنی اسپیئرز نے پہلی شادی 2004 میں اپنے بچپن کے دوست جیسن ایلن الیگزینڈر سے کی تھی مگر بدقسمتی سے اسی سال دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی تھی۔

بعد ازاں برٹنی اسپیئرز نے گلوکار کیون فیڈرلائن سے 2004 کے آخر میں شادی کی، جن سے 2007 میں ان کی طلاق ہوگئی۔

برٹنی اسپیئرز کو دوسرے شوہر سے دو بچے بھی ہیں اور ان کی حوالگی نہ ملنے سمیت دیگر قانونی مسائل اور پیچیدگیوں کی وجہ سے گلوکارہ 2008 میں ذہنی توازن کھو بیٹھی تھیں، جس وجہ سے ان کے والد کو عدالت نے ان کا قانونی سرپرست مقرر کیا تھا۔

برٹنی اسپیئرز والد سمیت دیگر افراد کی ’سرپرستی‘ میں تقریباً 14 سال رہیں اور 12 نومبر 2022 کو امریکی عدالت نے ان کی ’سرپرستی‘ ختم کی تھی۔

برٹنی اسپیئرز کی شوہر سے علیحدگی کی تصدیق

برٹنی اسپیئرز کی ’پسوڑی‘ پر ویڈیو وائرل

شادی کے 14 ماہ بعد ہی برٹنی اسپیئرز کی شوہر سے علیحدگی