دنیا

’داڑھی ہٹاؤ یا گرل فرینڈ بھول جاؤ‘ لڑکیوں کا انوکھا احتجاج

لڑکیوں نے مختلف نعروں کے پلے بینرز اٹھا رکھے تھے اور وہ سڑک پر منفرد نعرے لگاکر احتجاج کرتی دکھائی دیں۔

بھارتی ریاست مدھیا پردیش کی لڑکیوں کی جانب سے کیے گئے انوکھے احتجاج کی ویڈیوز وائرل ہوگئیں، جس میں لڑکیاں محبت کے لیے کلین شیو بوائے فرینڈز کا مطالبہ کرتی دکھائی دیں۔

بھارتی نشریاتی ادارے ”ٹائمز ناؤ“ کے مطابق اندور شہر میں کالج اور یونیورسٹی کی لڑکیوں کی جانب سے انوکھی احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

لڑکیوں کی جانب سے نکالی گئی انوکھی احتجاجی ریلی میں لڑکیاں پینٹ شرٹ پہن کر شریک ہوئیں اور انہوں نے علامتی طور پر اپنے چہروں پر داڑھیاں بھی لگا رکھی تھیں۔

لڑکیوں نے مختلف نعروں کے پلے بینرز اٹھا رکھے تھے اور وہ سڑک پر منفرد نعرے لگاکر احتجاج کرتی دکھائی دیں اور آنے جانے والے لوگ ان کی ویڈیوز بناکر ان پر ہنستے بھی رہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں لڑکیوں کو مختلف نعرے لگاتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔

لڑکیاں نعرے لگاتی سنائی دیتی ہیں کہ ”داڑھی کے بغیر والے بوائے فرینڈ کی تمنا اب ہمارے دل میں ہے“۔

اسی طرح انہوں نے ”داڑھی ہٹاؤ یا گرل فرینڈ بھول جاؤ“ اور ”نو کلین شیو، نو گرل فرینڈ“ جیسے نعرے بھی لگائے۔

لڑکیوں نے جو پلے بینرز اٹھا رکھے تھے، ان میں یہی نعرے درج تھے اور وہ نعرے بازی کرتی سڑک پر روانی سے چلتی دکھائی دیتی ہیں۔

لڑکیوں کی جانب سے انوکھے احتجاج کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد انٹرنیٹ صارفین نے اس پر دلچسپ تبصرے کیے۔

فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ لڑکیوں نے اس طرح کا انوکھا احتجاجی مظاہرہ کیوں کیا، تاہم بعض سوشل میڈیا صارفین نے دعویٰ کیا کہ مذکورہ احتجاج کسی تشہیری مہم کے لیے کیا گیا، جس کی تفصیلات بعد میں سامنے لائی جائیں گی۔

بھارتی ڈاکٹرز دوران آپریشن پیٹ میں 2 قینچیاں بھول گئے، خاتون 12سال تک تڑپتی رہی

72 دنوں تک اپنے دوستوں کا گوشت کھا کر زندہ رہنے والے نوجوانوں کی کہانی

آنکھ جھپکنے کے وقت سے بھی کم مدت میں انسان میں بو پہچاننے کی صلاحیت