لائف اسٹائل

آغاز میں اداکار فون کرواکر مجھے ڈرامے سے نکلواتے تھے، دانش تیمور

زیادہ تر ٹی وی شوز میں اس لیے نہیں جاتا کیوں کہ وہاں اداکاروں سے ہی دوسرے اداکاروں کے حوالے سے نامناسب سوالات کیے جاتے ہیں، اداکار

مقبول اداکار دانش تیمور نے انکشاف کیا ہے کہ کیریئر کے آغاز میں معروف اور بڑے اداکار ڈراما ٹیم کو فون کرکے انہیں ڈرامے سے نکلوا دیتے تھے۔

دانش تیمور نے حال ہی میں مزاحیہ پروگرام ’مذاق رات‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ بھارتی اداکارہ ریکھا ان کا کرش رہی ہیں، وہ ان پر دل و جان سے فدا رہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ وہ زیادہ تر ٹی وی شوز میں اس لیے نہیں جاتے، کیوں کہ وہاں اداکاروں سے ہی دوسرے اداکاروں کے حوالے سے نامناسب سوالات کیے جاتے ہیں اور آن اسکرین بولنے پر مجبور کیا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئی کتنا بھی بڑا اور اچھا اداکار کیوں نہ ہو لیکن اسے دوسرے اداکاروں کے حوالے سے آن اسکرین غلط باتیں کرنے کا اختیار نہیں، ایسا نہیں کیا جانا چاہیے۔

دانش تیمور کے مطابق جو اداکار آن اسکرین دوسرے اداکاروں پر تنقید کرتے ہیں، ان کے پاس اس اداکار کا فون نمبر بھی ہوتا ہے، وہ انہیں فون پر باتیں بتا سکتے ہیں لیکن آن اسکرین انہیں ایسا نہیں کیا جانا چاہیے۔

اسی حوالے سے بات کرتے ہوئے دانش تیمور نے ڈراموں پر تبصرے کرنے والے اداکاروں کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ ایسے لوگ بھی ڈراموں پر تنقید اور تبصرے کر رہے ہوتے ہیں، جنہیں اداکاری کے الف کا علم بھی نہیں ہوتا۔

دانش تیمور نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ انہوں نے کسی پبلک ریلیشن (پی آر) ایجنسی کی خدمات نہیں لے رکھیں، انہیں ایسی چیزوں کی ضرورت ہی نہیں۔

اداکار نے پروگرام میں بات کرتے ہوئے کیریئر کے آغاز پر بھی بات کی اور کہا کہ وہ موٹر سائیکل پر ڈراموں کے آڈیشن دینے جاتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ جہاں آڈیشن دینے جاتے تھے، اس جگہ سے کافی پہلے موٹر سائیکل کھڑی کرتے تھے۔

دانش تیمور نے کہا کہ انہوں نے کیریئر کے آغاز میں سخت مشکلات کا سامنا کیا، انہیں کافی عرصے تک بطور ہیرو کاسٹ نہیں کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں بعض ڈراما ساز بتاتے تھے کہ ان کے لیے فلاں اداکار نے فون کرکے کہا ہے کہ انہیں کاسٹ نہیں کرنا۔

اگرچہ دانش تیمور نے بتایا کہ انہیں اداکار فون کرکے ڈراموں سے نکلواتے تھے، تاہم انہوں نے کسی کا نام نہیں لیا۔

خواہش تھی کہ ایسے لڑکے سے شادی ہو، جس پر لڑکیاں مرتی ہوں، عائزہ خان

عائزہ خان و دانش تیمور پر ’پدماوت‘ کی کاپی کا الزام

دانش تیمور اور عائزہ خان کا طیارہ حادثے میں خود سے متعلق افواہوں پر برہمی کا اظہار