کھیل

بھارت کا آئی سی سی کی سربراہی طویل عرصے تک اپنے پاس رکھنے کا منصوبہ

آئی سی سی بورڈ میٹنگ کے بعد جاری پریس ریلیز میں حیران کن طور پر پاکستان میں شیڈول چیمپیئنز ٹرافی کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا، نہ ہی ایونٹ کے شیڈول پر کوئی پیش رفت سامنے آئی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی دبئی میں ہونے والی بورڈ میٹنگ میں بھارتی کرکٹ بورڈ اور اس کے سیکریٹری جے شاہ نے آئی سی سی کی سربراہی 6 سال تک اپنے پاس رکھنے کا منصوبہ بنالیا۔

ذرائع کے مطابق آئی سی سی بورڈ میٹنگ کے دوران پاکستان میں شیڈول آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کی تیاریوں کے حوالے سے پریزینٹیشن دی گئی جس پر اراکین نے ایک بار پھر اطمینان کا اظہار کیا۔

بعد ازاں آئی سی سی بورڈ میٹنگ کے حوالے سے پریس ریلیز جاری کی گئی، تاہم حیران کن طور پر پریس ریلیز میں پاکستان میں شیڈول چیمپیئنز ٹرافی 2025 کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا ہے اور نہ ہی ایونٹ کے شیڈول پر کوئی پیش رفت سامنے آئی ہے۔

اجلاس میں آئی سی سی نے ویمن کرکٹ کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ایسوسی ایٹس اراکین کی سیریز کروانے کا فیصلہ کیا اور مستقبل کے آئی سی سی ایونٹس میں ویمن ٹیموں کی تعداد بڑھانے کا بھی فیصلہ کرلیا۔

آئی سی سی کے مطابق آئی سی سی بورڈ نے ویمن کرکٹ کے نئے فیوچر ٹور پروگرام 29-2025 کی منظوری بھی دے دی۔

آئی سی سی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ آئی سی سی کے چیئرمین اور آزاد ڈائریکٹر کی مدت ملازمت 3 سال سے بڑھا کر 6 سال کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے، آئی سی سی کے مطابق اس معاملے پر حتمی فیصلہ بورڈ اراکین کریں گے۔

واضح رہے کہ اگست میں بھارتی بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے بلامقابلہ صدر منتخب ہو گئے تھے جس سے بھارت کی کرکٹ پر پہلے سے جاری اجارہ داری مزید مضبوط ہونے کا امکان ہے۔

آئی سی سی کی تاریخ کے سب سے کم عمر چیئرمین منتخب ہونے والے جے شاہ رواں سال دسمبر میں موجودہ چیئرمین گریگ بارکلے کی جگہ یہ عہدہ سنبھالیں گے جنہوں نے تیسری بار چیئرمین کا عہدہ نہ سنبھالنے کا فیصلہ کیا تھا۔

جے شاہ نے اس تقرر پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں کھیل کے عالمی سطح پر مزید فروغ کے لیے آئی سی سی کی ٹیم اور رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہوں۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے وزیر داخلہ اور دایاں بازو تصور کیے جانے والے امیت شاہ کے 35 سالہ بیٹے جے شاہ کا اس عہدے پر تقرر کھیل پر بھارت کے تسلط کو ظاہر کرتا ہے۔

جے شاہ 2019 میں دنیا کے طاقتور ترین کرکٹ بورڈ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری بن گئے تھے۔

2018 کی آئی سی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق اربوں روپے کا منافع کمانے والے اس کھیل کا زیادہ تر منافع کا 90 فیصد حصہ برصغیر کے شائقین کی بدولت کمایا جاتا ہے۔

آئی سی سی کھیل کی عالمی گورننگ باڈی ہے اور 100 سے زیادہ ممالک اس کے رکن ہیں اور وہ ورلڈ کپ جیسے عالمی ایونٹس کے انعقاد کی ذمہ دار ہے۔

جے شاہ نے کہا کہ وہ دنیا بھر میں کرکٹ کے کھیل کی محبت کے فروغ کے لیے نئی سوچ اور جدت کو اپنانا چاہتے ہیں۔