پاکستان

پنجاب نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں فرق کے حساب سے کارکردگی میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا

خیبر پختونخوا کی کارکردگی پورے ملک میں دوسرے نمبرپر سب سے بہتر رہی جبکہ وفاقی حکومت کی کارکردگی سب سے بری رہی۔

پنجاب نے بنیادی اشیائے ضروریہ کی ہول سیل اور ریٹیل قیمتوں میں فرق کے حساب سے کارکردگی میں تمام صوبوں اور وفاق کو پیچھے چھوڑ دیا، خیبر پختونخوا کی کارکردگی پورے ملک میں دوسرے نمبرپر سب سے بہتر رہی جبکہ وفاقی حکومت کی کارکردگی سب سے بری رہی۔

ڈان نیوز کے مطابق حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ ستمبر میں بنیادی اشیا کی ہول سیل اور ریٹیل قیمتوں کے فرق میں پنجاب بہترین کارکردگی میں سب سے آگے رہا، جبکہ اس حوالے سے وفاقی حکومت کی کارکردگی سب سے بری رہی جہاں شہری ہول سیل کے مقابلے میں سب سے مہنگی چیزیں خریدنے پر مجبور رہے۔ذ

ذرائع نے بتایا کہ وفاقی ادارہ شماریات کے ڈیٹا کی بنیاد پر ٹماٹر، آلو، پیاز، دودھ اور دالوں سمیت دیگر اشیا کی ہول سیل کے مقابلے میں ریٹیل قیمتوں کا موازنہ کیا گیا جس کے حساب سے پنجاب میں بنیادی اشیا کی ہول سیل و ریٹیل قیمتوں میں فرق ملک میں سب سےکم ہے۔

ستمبر 2024 میں پنجاب میں بنیادی اشیا کی قیمتیں ہول سیل کے مقابلے ریٹیل میں 25 فیصد تک مہنگی رہیں، جبکہ وفاق میں اشیائے ضروریہ ہول سیل کے مقابلے سب سے زیادہ 59 فیصد تک مہنگی رہیں۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ ماہ بلوچستان میں اشیائے ضروریہ ہول سیل کے مقابلے 43 فیصد، سندھ میں 36 فیصد، خیبر پختونخوا میں 27 فیصد تک مہنگی اور ملکی سطح پر اوسط قیمتیں ہول سیل کے مقابلے ریٹیل میں 28 فیصد تک مہنگی رہیں۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ ستمبر میں ملک میں مہنگائی پونے چار سال کی کم ترین سطح 6 اعشاریہ 9 فیصد پر آگئی تھی، اس کے باوجود شہری ہول سیل کے مقابلے میں 59 فیصد تک مہنگی اشیا خریدنے پر مجبور رہے۔

ذرائع کے مطابق منافع خور عناصر اور کچھ صوبائی حکومتوں اور مقامی انتظامیہ کی ناکامی کے باعث ہول سیل اور ریٹیل کی قیمتوں میں فرق کو مزید کم نہیں کیا جاسکا۔