دنیا

بھارت: پروازوں میں بم رکھنے کی جھوٹی دھمکیاں، مسافر خوف و ہراس کا شکار

سماجی ویب سائٹ'ایکس' پر ایک نامعلوم اکاؤنٹ کو 40 طیاروں کے خلاف دھمکی آمیز پیغام لکھنے کے بعد بند کردیا گیا ہے، بھارتی میڈیا

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ مختلف بھارتی ایئرلائنز میں بم رکھنے کی 90 سے زائد جھوٹی اطلاعات موصول ہونے کے باعث مسافر خوف وہراس کا شکار ہیں۔

خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق دھمکیوں کے باعث متعدد ہوائی جہازوں کا رخ کینیڈا اور جرمنی کی طرف موڑا گیا ہے جبکہ دوران پرواز طیاروں کی بحفاظت لینڈنگ کے لیے جنگی طیارے کی بھی مدد لی گئی ہے۔

بھارتی حکومت اور سول ایوی ایشن حکام نے بم کی جھوٹی اطلاع پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کیا ہے۔

نئی دہلی کے سول ایوی ایشن حکام نے گزشتہ ہفتے کے دوران موصول ہونے والی دھکمیوں کی تعداد واضح نہیں کی تاہم ٹائمز آف انڈیا اور نشریاتی ادارے نیوز 18 کے مطابق 70 سے زائد جھوٹی اطلاعات نے 13 اکتوبر سے اب تک معتدد بین الاقوامی اور اندرون ملک کی پروازوں کو متاثر کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بھارتی ایئرلائنز کو صرف ہفتے کے روز 30 جھوٹی دھمکیاں موصول ہوئیں جبکہ آج اتوار کو مختلف پروازوں کو مزید 20 جھوٹی اطلاعات دی گئی ہیں، بھارت کی انڈیگو ایئرلائن نے اس کی 6 فلائٹس کو موصول ہونے والی دھمکیوں کی تصدیق کی ہے۔

انڈیگو ایئرلائن نے ایک بیان میں کہا کہ’ہمارے لیے اپنے مسافروں اور عملے کی حفاظت اولین ترجیح ہے، ہم متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں اور تمام ضروری حفاظتی تدابیر اختیار کررہے ہیں۔’

اس ضمن میں ایک کم عمر شخص کی گرفتاری کے باوجود بھارت میں دھمکیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

دریں اثنا، بھارتی ایوی ایشن کے وزیر رام موہن نائیڈو نے طیاروں کو بم سے اڑانے کی دھمکی دینے والے تمام افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔

بھارتی اخبار انڈین ایکسرپیس میں شائع رپورٹ کے مطابق بلاگنگ ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ایک نامعلوم اکاؤنٹ کو کم از کم 40 طیاروں کے خلاف دھمکی آمیز پیغام لکھنے کے بعد بند کردیا گیا ہے، ان طیاروں میں امریکا اور نیوزی لینڈ سمیت بھارتی اور بین الاقوامی فضائی کمپنیاں شامل ہیں۔

اخبار کے مطابق معطل اکاؤنٹ میں کچھ اس طرح کے پیغام لکھے گئے تھے’طیاروں میں بم نصب ہیں، کوئی بھی زندہ نہیں بچ پائے گا، جلدی کریں اور ہوائی جہاز خالی کریں۔’

ممبئی سے نیو یارک جانے والی ایئرانڈیا کی پرواز حالیہ متاثر ہونے والی پروازوں میں سے ایک تھی جس کی محفوظ لینڈنگ کے بعد امریکی سیکیورٹی حکام نے تلاشی لی تھی۔

متاثر ہونے والی دیگر پروازوں میں نئی دہلی سے شکاگو جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز بھی شامل ہے جس نے کینیڈا کے شمالی شہر میں ہنگامی لینڈنگ کی تھی۔

خیال رہے کہ سنگاپور میں ایئر انڈیا ایکسپریس کی پرواز کی مدد کے لیے جنگی طیارے پہنچے تھے، جبکہ جمعرات کو لندن میں بحفاظت اتارے گئے ایئر انڈیا کے ہوائی جہاز کو برطانوی جنگی طیاروں نے فضا میں ریسکیو کیا تھا۔