پاکستان

26 ویں آئینی ترمیم: اسلام آباد کے ریڈ زون میں سیکیورٹی مزید سخت، قیدی وینز پہنچادی گئیں

ریڈ زون کے اندر رینجرز بھی تعینات کردی گئی، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پولیس کو اینٹی رائٹ کٹس بھی فراہم کردی گئیں۔

پارلیمنٹ سے 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے موقع پر اسلام آباد پولیس نے سکیورٹی مزید سخت کر دی، ریڈ زون کے اطراف میں پنجاب پولیس کی مزید نفری پہنچ گئی،ممکنہ عوامی احتجاج کے پیش نظرقیدی وینز بھی پہنچا دی گئیں۔

اسلام آباد میں سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کے پیش نظر ریڈ زون کے اندر رینجرز بھی تعینات کی گئی ہے، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پولیس کو اینٹی رائٹ کٹس بھی فراہم کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے لیے آج پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کا اجلاس آج طلب کیا گیا ہے جبکہ وفاقی کابینہ نے بھی آج 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری دے دی ہے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) نے آئینی ترمیم کے لیے رائے شماری کے عمل کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے، تحریک انصاف کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقاتوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے، پی ٹی آئی کے وفد نے آج پھر مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ہے، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ ان کا 10 سے 11 ارکان سے رابطہ نہیں ہورہا۔