دنیا

بھارتی ڈاکٹرز دوران آپریشن پیٹ میں 2 قینچیاں بھول گئے، خاتون 12سال تک تڑپتی رہی

سکھم کی رہائشی 45 سالہ خاتون نے 2012 میں اپنڈیکس کا آپریشن کروایا تھا، مسلسل علاج کرواتی رہی مگر درد سے چھٹکارا نہیں مل سکا، رواں ماہ ایکسرے سے پیٹ میں دو قینچیوں کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔

بھارتی ڈاکٹرز نے دوران آپریشن خاتون کے پیٹ میں 2 قینچیاں چھوڑ کر غیرذمے داری کی بدترین مثال قائم کردی، خاتون12 سال تک درد سے تڑپتی رہی اور ڈاکٹر وجہ معلوم کرنے میں ناکام رہے، رواں ماہ ایکسرے کے دوران خاتون کے پیٹ میں 2قینچیوں کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔

سکھم کی رہائشی خاتون نے پیٹ کے دردسے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے اپنا اپنڈکس نکلوایا تاہم آپریشن کے مرحلے سے گزرنے کے باوجود خاتون کو ایک دہائی سے زائد عرصے تک افاقہ نہیں ہوسکا تھا اور کئی ڈاکٹرز خاتون کے درد کی وجہ جاننے میں ناکام رہے۔

تاہم رواں ماہ کی ابتدامیں تکلیف کی وجہ معلوم ہونے پر خاتون اور اس کا خاندان حیران رہ گیا، 45سالہ خاتون کے پیٹ میں سرجیکل قینچیوں کی جوڑی کی موجودگی کا انکشاف ہوا جو 2012 میں ڈاکٹرز نے اپنڈکس کے آپریشن کے دوران چھوڑدی تھیں۔

خاتون کے شوہر کا کہنا ہےکہ خاتون نے 2012 میں گنگتوک میں واقع سر تھتھوب نمگیال میموریل ہسپتال(ایس ٹی این ایم) میں سرجری کے عمل سے گزری تھی تاہم اس کے پیٹ میں مسلسل درد کی لہریں اٹھتی تھیں، اس نے کئی ڈاکٹرز سے رجوع کیا جو اسے دوائیں دیتے لیکن لامحالہ اس کا درد پھر شروع ہوجاتا۔

انہوں نے بتایا کہ 8 اکتوبر کو ان کی اہلیہ دوبارہ ایس ٹی این ایم گئیں جہاں ایک ایکسرے سے اس بات کا انکشاف ہوا ہےان کے پیٹ میں سرجیکل قینچیاں موجود ہیں، طبی ماہرین کی ایک ٹیم نے فوری طور پر سرجری کرکےخاتون کے پیٹ سے قینچیاں نکال لیں جس کے بعد ان کی حالت تسلی بخش ہے اور وہ روبصحت ہیں۔

البتہ خاتون کے پیٹ سے قینچیاں برآمد ہونے کی خبرمنظر عام پر آنے کے بعد لوگوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہےاورحکومت سے متعلقہ اسپتال اور ڈاکٹرز کے خلاف کارروائی کا مطالبہ زور پکڑگیا ہے جبکہ معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔