کراچی: لی مارکیٹ میں بچی سمیت 3 خواتین کا قتل، زیرحراست ملزم کا اعتراف جرم
ملزم نے تیز دھار آلے سے طلاق یافتہ بہن، کمسن بھانجی، بھابھی اور ماں کو قتل کیا، اعتراف کے بعد مقدمہ درج کرلیا گیا، پولیس
کراچ کے علاقے لی مارکیٹ کے قریب فلیٹ سے 4 خواتین کی لاشیں ملنے کے معاملے میں زیر حراست ملزم بلال نے اعتراف جرم کرلیا۔
ڈان نیوز کے مطابق پولیس حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ گھر کا فرد بلال ہی تینوں خواتین اور بچی کے قتل میں ملوث ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم بلال گھر کی کچھ خواتین پر شک کرتا تھا، ملزم نے تیز دھار آلے سے طلاق یافتہ بہن، کمسن بھانجی، بھابھی اور ماں کو قتل کیا۔
زیر حراست ملزم اپنی اہلیہ کو بھی طلاق دے چکا ہے، اعتراف جرم کے بعد مقدمہ درج کرلیا گیا۔
خیال رہے کہ آج کراچی کے علاقے لی مارکیٹ کی رہائشی عمارت میں ایک فلیٹ سے بچی سمیت 4 خواتین کی لاشیں برآمد ہوئی تھی جن کو تیز دھار آلے سے بے دردی سے قتل کیا گیا تھا۔
بعد ازاں، پولیس نے مقتولہ کے شوہر فاروق اور اس کے دو بیٹوں کو شامل تفتیش کر کے حراست میں لے کر بغدادی تھانے منتقل کردیا تھا۔