لائف اسٹائل

غنڈے کے کردار نبھانے پر خواتین حقیقت میں بھی پاس آنے سے ڈرتی ہیں، وجے ورما

بہت سارے لوگ مجھے حقیقی زندگی میں بھی برا سمجھتے ہیں، ان کا خیال ہوتا ہے کہ میں حقیقت میں بھی اتنا ہی بدمعاش ہوں، اداکار

بولی وڈ کے نوجوان ولن وجے ورما نے انکشاف کیا ہے کہ فلموں میں غنڈے کے کردار ادا کرنے پر حقیقت میں بھی خواتین ان سے ڈرتی ہیں اور انہیں اپنے قریب بھی نہیں آنے دیتیں۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق وجے ورما نے حال ہی میں ایک تقریب کے دوران انکشاف کیا کہ کس طرح ولن کے کردار نبھانے پر ان پر ہونے والی تنقید ان کی حقیقی زندگی اور یہاں تک ان کی اداکاری کی صلاحیتوں کو متاثر کر رہی ہے۔

اداکار نے بتایا کہ بہت سارے لوگ انہیں حقیقی زندگی میں بھی برا سمجھتے ہیں، ان کا خیال ہوتا ہے کہ وہ حقیقت میں بھی اتنے ہی بدمعاش ہیں۔

وجے ورما نے کہا کہ انہیں اس وقت دکھ اور تکلیف ہوتی ہے جب خوبصورت لڑکیاں اور ان کی مائیں بھی ان سے خوف کھاتی ہیں اور انہیں اپنے قریب آنے سے روکتے ہوئے کہتی ہیں کہ وہ برے شخص ہیں، ان کے پاس نہ آئیں۔

اداکار کے مطابق خواتین کے ڈر کی وجہ سے انہیں تکلف ہوتی ہے، انہیں احساس ہوتا ہے کہ شاید وہ برے انسان ہیں اور پھر وہ دوسری بار خراب اداکاری کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

وجے ورما نے یہ انکشاف بھی کیا کہ 2016 میں ان کی فلم ”پنک“ کے پریمیئر کے موقع پر گلوکارہ سنیدھی چوہان نے انہیں اپنے قریب آنے سے روکتے ہوئے انہیں کہا تھا کہ وہ ان سے ڈرنے لگی ہیں۔

اداکار نے بتایا کہ پریمیئر کے آغاز پر ہر کوئی بہت خوش تھا، ہر کوئی ان کے قریب تھا لیکن فلم دیکھنے کے بعد ہر کسی کی آنکھ میں آنسوں آگئے اور فلم کے اختتام پر خواتین ان سے دور ہونے لگیں، انہیں قریب آنے سے روکا گیا۔

وجے ورما کا کہنا تھا کہ سنیدھی چوہان بھی ان سے ڈر گئیں اور انہیں اپنے قریب آنے سے روکا۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے گلوکارہ سنیدھی چوہان کو بتانے اور سمجھانے کی بہت کوشش کی لیکن انہوں نے انہیں قریب نہیں آنے دیا اور ان سے خوف کا اظہار کیا، جس پر انہیں دکھ اور شرمندگی ہوئی۔

خیال رہے کہ عام طور پر وجے ورما فلموں میں انتہائی ظالم ولن کے کردار ادا کرتے ہیں تاہم بعض فلموں میں وہ مثبت کرداروں میں بھی نظر آئے ہیں لیکن انہیں غنڈے کے روپ میں زیادہ پسند کیا جاتا ہے۔

عزت دینے والے خوبصورت مرد خواتین کی کمزوری ہوتے ہیں، اریج چوہدری

حبا بخاری کے حاملہ خواتین کو منفرد مشورے

وینا ملک نے خود کو شہریار کی ’بندی‘ قرار دے دیا