پاکستان

ملتان: آتش بازی کے سامان میں دھماکا، 3 افراد جاں بحق، 3 زخمی

آتش بازی کا سامان گھر میں تیار کیا جاتا ہے، جس کی وجہ سے حادثہ پیش آیا، تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں، سٹی پولیس افسر

پنجاب کے شہر ملتان کے علاقے آغا پورہ میں گھر میں آتش بازی کے سامان میں دھماکے سے چھت گر گئی، جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

ملتان سٹی پولیس افسر (سی پی او) صادق علی ڈوگر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آغا پورہ میں گھر میں رکھے آتش بازی کے سامان میں دھماکا ہونے کے نتیجے میں گھر کی چھت گر گئی، اور بدقسمت واقعے میں 3 افراد کی موت ہوگئی جبکہ اتنے ہی افراد زخمی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو علاج کے لیے نشتر ہسپتال منتقل کردیا گیا، متوفیوں کی شناخت ریاض، منشا اور صفیہ بانو کے نام سے ہوئی۔

بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ ملتان پولیس، ریسکیو 1122، کرائم ریکارڈ آفس (سی آر او)، بم ڈسپوزل اور دیگر حکام کی ٹیموں نے موقع پر امدادی سرگرمیاں انجام دیں۔

اس میں کہا گیا کہ سی پی او ڈوگر اور ملتان کے ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے جائے حادثہ اور امدادی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔

صادق علی ڈوگر نے ابتدائی تحقیقات کا حوالے دیتے ہوئے بتایا کہ آتش بازی کا سامان گھر میں تیار کیا جاتا ہے، جس کی وجہ سے حادثہ پیش آیا، تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ پولیس افسران کو امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے سی پی او ملتان نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔

ملتان کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) آپریشنز لیفٹیننٹ (ریٹائرڈ) جنرل کامران امیر خان، سٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) حسن رضا کھاکھی، دہلی گیٹ کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) مظہر ہراج، ڈی ایس پی مامون علی اور دیگر افسران نے اس موقع پر موجود تھے۔