پاکستان

اسلام آباد:علیمہ خان، عظمی خان کی درخواست ضمانت پر سماعت 22 اکتوبر تک ملتوی

میں اس عدالت کا ڈیوٹی جج نہیں، ضمانت پر فیصلہ نہیں کر سکتا، انتظامی جج راجا جواد عباس کے ریمارکس

اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی بہنوں علیمہ خان اور عظمی خان کی درخواست ضمانت پر سماعت 22 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

درخواست پر سماعت انتظامی جج راجا جواد عباس حسن نے کی، اس موقع پر بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کے وکیل نیاز اللہ نیازی، عثمان گل، سردار مصروف و دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے دونوں ججز کے رخصت پر ہونے کے باعث سماعت ایڈمنسٹریٹو جج نے کی۔

انتظامی جج راجا جواد عباس نے ریمارکس دیے کہ میں اس عدالت کا ڈیوٹی جج نہیں، ضمانت پر فیصلہ نہیں کر سکتا۔

بعدازاں، عدالت نے عظمیٰ خان اور علیمہ خان کی ضمانتوں کی درخواست پر سماعت 22 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ 12 اکتوبر کو اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ڈی چوک پر احتجاج کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیراعظم عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔

یاد رہے کہ علیمہ خان اور عظمیٰ خان کے خلاف تھانہ کوہسار میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔

4 اکتوبر کو پی ٹی آئی کے اسلام آباد کے ریڈ زون میں ڈی چوک پر احتجاجی مظاہرے کے اعلان کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت کے تمام راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا تھا اور اب تک بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں سمیت 30 افراد کو ڈی چوک سے گرفتار کرلیا گیا تھا۔

8 اکتوبر کو سابق وزیراعظم عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کا مزید 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا تھا۔

بعد ازاں، 10 اکتوبر کو بھی علیمہ خان اور عظمیٰ خان کا مزید 2 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کیا گیا تھا۔