دنیا

پاکستان سمیت کئی ممالک میں رواں سال تیسری بار سپر مون کا نظارہ

یہ رواں سال کے متوقع چار سپر مون میں سے تیسرا سپر مون ہے، اس کا نظارہ اس وقت سامنے آتا ہے جب چاند اور زمین کے درمیان فاصلہ کم ہو۔

پاکستان سمیت کئی ممالک میں رواں سال کے تیسرے سپر مون کا نظارہ کیا گیا، چاند کا زمین سے فاصلہ کم ہو گیا اور یہ آسمان پر خاصا بڑا اور روشن دیکھا گیا۔

سی این این نے ناسا کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سپرمون 17 اکتوبر کی صبح 7 بج کر 26 منٹ پر سب سے پہلے نیوزی لینڈ،آسٹریلیا اور جاپان سمیت جن ممالک رات تھی وہاں سب سے پہلے اسے دیکھا گیا۔

پاکستان میں مقامی وقت کے مطابق شام 4 بجکر 26 منٹ پر سپر مون دیکھا گیا۔

ناسا کے مطابق یہ رواں سال کے متوقع چار سپر مون میں سے تیسرا سپر مون ہے، اس کا نظارہ اس وقت سامنے آتا ہے جب چاند اور زمین کے درمیان فاصلہ کم ہو۔

عام طور پر چاند زمین سے اوسطاً 2 لاکھ 38 ہزار 855 میل (384,400 کلومیٹر) کے فاصلے پر گردش کرتا ہے لیکن اکتوبر کے اس سپر مون کے دوران چاند زمین سے صرف 2 لاکھ 22 ہزار 95 میل (357،428 کلومیٹر) کی دوری پر تھا۔

ارتھ اسکائی کے مطابق سپر مون کے دوران چاند اپنے سائز سے 8 فیصد بڑا اور 16 فیصد زیادہ روشن دکھائی دیتا ہے۔