پاکستان

نریندر مودی ایس سی او اجلاس کیلئے پاکستان آتے تو اچھا ہوتا، نواز شریف

پاک بھارت تعلقات بہتر ہوجائیں تو بہت کچھ بہتر ہوسکتا ہے،بھارتی کرکٹ ٹیم کو کھیلنے کیلئے پاکستان آنا چاہیے، سابق وزیر اعظم کی بھارتی صحافیوں سے ملاقات

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اگر شنگھائی کانفرنس میں آتے تو اچھا ہوتا ،پاک بھارت تعلقات بہتر ہوجائیں تو بہت کچھ بہتر ہوسکتا ہے،بھارتی کرکٹ ٹیم کو کھیلنے کے لیے پاکستان آنا چاہیے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف سے رائے ونڈ جاتی امرا میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سربراہ کانفرنس کی کوریج کے لیے پاکستان میں موجود بھارتی صحافیوں کے وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب مریم نوازشریف بھی ملاقات میں موجود تھیں۔

اس موقع پر بھارتی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ایس سی او سے پاکستان اور بھارت کے تعلقات کی اچھی شروعات ہوسکتی ہے، پاک بھارت تعلقات بہتر ہوجائیں تو بہت کچھ بہتر ہوسکتا ہے۔

نوازشریف نے مزید کہاکہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اگر شنگھائی کانفرنس میں آتے تو اچھا ہوتا، انہوں نے کہاکہ ماضی بہت تلخ رہا ہے، آگے دیکھیں۔

واضح رہے کہ شنگھائی تعاون کونسل کا 23 واں سربراہی اجلاس رواں ہفتے 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں منعقد ہوا تھا۔ ایس سی او اجلاس میں چین، روس، آزربائیجان اور کرغزستان ایس سی او ممالک کے وزرائے جبکہ بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر اور دیگر ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی تھی۔

کانفرنس کے اختتام پر جاری کردہ مشترکہ اعلامیے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان نے ایک دوسرے کی خود مختاری کے احترام، علاقائی سالمیت کے عزم کا اعادہ کیا تھا اور کامیاب اجلاس پر پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا تھا۔