لائف اسٹائل

فلم ساز مہرین جبار کا پاکستانی و بھارتی ویب سیریز کے بجٹ کا حیران کن دعویٰ

بھارت بڑا ملک ہے، وہاں کی آبادی ایک ارب سے بھی زائد ہے، وہ دنیا کی بڑی مارکیٹ ہے، اس لیے بھارت سے موازنہ بنتا ہی نہیں، فلم ساز

معروف فلم و ڈراما ساز مہرین جبار نے پاکستانی اور بھارتی ویب سیریز اور فلموں کے بجٹ میں حیران کن فرق کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے فلموں کا موازنہ نہیں کیا جانا چاہیے۔

مہرین جبار نے حال ہی میں ’سم تھنگ ہاٹ‘ کو دیے گئے انٹرویو میں پاکستان سمیت دیگر پڑوسی ممالک میں شوبز انڈسٹری کے حوالے سے کی جانی والی اصلاحات پر بھی بات کی۔

انہوں نے بتایا کہ ایران جیسے اسلامی ملک میں بھی فلم سازوں سمیت ڈراما سازوں کو مراعات ملتی ہیں اور حکومت فںڈز فراہم کرتی ہے، اس لیے ان کا معیار بھی ہم سے بہتر ہے۔

مہرین جبار نے کہا کہ جنوبی کوریا امیر ملک ہے، اس لیے اس کی ویب سیریز، ڈراموں اور فلموں کے سیٹ اور بجٹ سے مقابلہ نہیں کیا جا سکتا، کوریا بہت ایڈوانس ملک ہے، پاکستان کے حالات اس سے مختلف ہیں۔

فلم ساز کے مطابق پاکستان میں پیسوں اور فنڈز کی کمی ہے، اس لیے ہم جنوبی کوریا جیسے ممالک کے ساتھ مقابلہ نہیں کر سکتے۔

اسی معاملے پر بات کرتے ہوئے مہرین جبار نے کہا کہ پاکستانی ڈراموں، ویب سیریز اور فلموں کے سیٹ اس لیے شاندار نہیں لگتے کیوں کہ ہمارا بجٹ کم ہوتا ہے۔

ان کے مطابق بھارت بڑا ملک ہے، وہاں کی آبادی ایک ارب سے بھی زائد ہے، وہ دنیا کی بڑی مارکیٹ ہے، اس لیے ان سے بھی مقابلہ نہیں کیا جا سکتا اور بھارت سے موازنہ بنتا ہی نہیں۔

اسی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کی ویب سیریز اور فلموں کے بجٹ میں آسمان و زمین کا فرق ہوتا ہے، اس لیے بھارتی سیٹ شاندار لگتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انہیں درست اعداد تو معلوم نہیں لیکن اگر وہ غلط ہوں گی تو کمنٹس میں لوگ ان کی تصحیح کر دیں گے۔

مہرین جبار کا کہنا تھا کہ ان کا خیال ہے کہ بھارت میں آج کل ویب سیریز کی ایک قسط کو شوٹ کرنے کا بجٹ 8 سے 10 لاکھ امریکی ڈالرز تک ہوتا ہے، یعنی وہاں ایک قسط 25 سے 30 کروڑ روپے میں شوٹ ہوتا ہے۔

فلم ساز کے مطابق جب کہ پاکستان میں ایک قسط کا بجٹ 25 سے 27 لاکھ روپے ہوتا ہے جو کہ بمشکل 6 ہزار ڈالر سے کچھ زائد بنتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب دونوں ممالک کی ایک قسط کے بجٹ میں اتنا بڑا فرق ہوگا تو سیٹ اور اسکرین پر نظر آنے والے مناظر میں بھی فرق ہوگا۔

مہرین جبار کا شوبز انڈسٹری میں 25 سال کا تجربہ کیسا رہا؟

پیمرا کو کھلی چھوٹ نہیں ہونی چاہیے، فلم ساز مہرین جبار

مہرین جبار کی ٹی وی پر 2 ٹیلی فلمز کے ساتھ واپسی