پاکستان

سونے کی فی تولہ قیمت تاریخ کی بُلند ترین سطح 2 لاکھ 77 ہزار روپے پر پہنچ گئی

اسرائیل۔غزہ تنازع جاری رہنے کی صورت میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں پر دباؤ رہے گا اور مقامی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کی صورتحال برقرار رہے گی، چیئرمین جیولرز ایسوسی ایشن

ملک بھر کی مقامی منڈیوں میں 10 گرام سونے کی قیمت 2 لاکھ 37 ہزار 654 روپے اور فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 2 لاکھ 77 ہزار 200 روپے کی بُلند سطح پر پہنچ گئیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق 10 گرام اور ایک تولہ سونے کی قیمتوں میں بالترتیب ایک ہزار 886 روپے اور 2 ہزار 200 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

آل سندھ صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی سطح پر سونے کی قیمت 22 ڈالر فی اونس اضافے سے 2675 ڈالر ہو گئے۔

واضح رہے کہ 26 ستمبر کو سونے کی قیمتیں تاریخ کی بُلند ترین سطح پر پہنچی تھیں، جب 10 گرام سونے کے نرخ 2 لاکھ 37 ہزار 482 اور فی تولہ نرخ 2 لاکھ 77 ہزار روپے ریکارڈ کیے گئے تھے جبکہ عالمی مارکیٹ میں فی اونس قیمت 12 ڈالر اضافے سے 2 ہزار 665 ڈالر پر پہنچی تھی۔

آل پاکستان جیولرز مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد ارشد نے بتایا کہ جب تک اسرائیل۔غزہ تنازع جاری رہتا ہے، اُس وقت تک عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں پر دباؤ رہے گا اور مقامی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کی صورتحال برقرار رہے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ زیادہ قیمتوں کے سبب خریداری کا رجحان نظر نہیں آرہا، حتی کہ جو لوگ اس کی استطاعت رکھتے ہیں وہ کم وزن کے زیورات کے سیٹوں کا انتخاب کرتے ہیں۔

طلب میں کمی نے زیورات بنانے والوں کی پیداواری سرگرمیوں پر منفی اثر ڈالا ہے۔

محمد ارشد نے حکومت کی طرف سے زیورات کی برآمدات کی حوصلہ افزائی کے لیے دوستانہ پالیسیوں پر عمل درآمد کرنے کی ضرورت پر زور دیا، جس کا نمایاں پوٹینشل موجود ہے۔

پاکستان ادارہ شماریات (پی بی ایس) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال جولائی تا اگست کے دوران زیورات کی برآمدات 32 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں، جن کا حجم گزشتہ برس کے اسی عرصے کے دوران 12 لاکھ ڈالر رہی تھیں۔