پاکستان

26ویں آئینی ترمیم کی منظوری کیلئے وفاقی کابینہ کا آج طلب کردہ اجلاس ملتوی

وزیراعظم شہباز شریف آج ارکان پارلیمنٹ کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے، ارکان پارلیمنٹ کے اعزاز میں ظہرانہ دوپہر 2 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔

وفاقی کابینہ کا آج ہونے والا اجلاس ملتوی کردیا گیا جس میں 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری دی جانی تھی۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس سینیٹ اور قومی اسمبلی اجلاس سے پہلے دوپہر ڈیڑھ بجے طلب کیا تھا اور امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری دی جائے گی۔

نئے شیڈول کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف آج ارکان پارلیمنٹ کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے، ارکان پارلیمنٹ کے اعزاز میں ظہرانہ دوپہر 2 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔

یاد رہے کہ 26ویں آئینی ترمیم کے مسودے کو حتمی شکل دینے کے لیے پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کا ان کیمرا اجلاس بھی آج صبح 11 بج کر 30 منٹ پر پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔

سید خورشید شاہ کی زیرصدارت گزشتہ روز ہونے والے پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کے ان کیمرا اجلاس میں صرف 12 اراکین ہی شریک ہوئے، شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس میں مصروفیت اور راستوں کی بندش کے باعث زیادہ تر ارکان اجلاس سے غیر حاضر رہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں جمعیت علمائے اسلام (ف) اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے مسودوں کی تجاویز پر غور کیا گیا۔

خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں نے شرکت نہیں کی، کمیٹی کو پی ٹی آئی کی جانب سے آئینی ترامیم کا کوئی مسودہ فراہم نہیں کیا گیا۔