پاکستان

جلاؤ گھیراؤ کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، عطا تارڑ

ایس سی او اجلاس کے کامیاب انعقاد سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے تشخص میں اضافہ ہوا ہے، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ جلاؤ گھیراؤ کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، اگر کوئی جلاؤ گھیراؤ کرے گا، دھمکی دے گا یا کسی کی جان و مال کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا تو ریاست اس کو نشان عبرت بنائے گی۔

اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس کے کامیاب انعقاد سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے تشخص میں اضافہ ہوا ہے، معزز مہمانوں نے پاکستان کے خطے میں کامیاب کردار اور شاندار میزبانی کو سراہا ہے، یہ پاکستان کی جیت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ ایس سی او اجلاس میں شرکت کرنے والے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں، وہ اجلاس کو کامیاب بنانے میں شامل تمام وزراتوں اور عوام کے تعاون کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ آنے والے دنوں میں عوام کو مزید خوشخبری ملے گی، مختلف ممالک کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کی بات چیت سے پاکستانی معیشت اور عوام کو بہت فائدہ حاصل ہوگا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے ویژن کے تحت ایس سی او سمٹ کا کامیابی سے انعقاد کیا گیا۔

انہوں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مہذب معاشروں میں سزا یافتہ شخص کو اہم عہدے نہیں دیے جاتے، اس لیے عمران خان آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کے انتخاب کی دوڑ سے باہر ہوگئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہے، اگر کوئی جلاؤ گھیراؤ کرے گا، دھمکی دے گا یا کسی کی جان و مال کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا تو ریاست اس کو نشان عبرت بنائے گی۔

عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے آپسی جھگڑے ختم نہیں ہو رہے، ہماری معیشت ترقی کر رہی ہے اور ہم خارجہ پالیسی میں بہت آگے بڑھ چکے ہیں، دھمکیاں دینے والوں کے خلاف قانون پوری طرح سے حرکت میں آئے گا، جلاؤ گھیراؤ کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔