پاکستان

26ویں آئینی ترمیم: مسودے کو حتمی شکل دینے کیلئے پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس کل ہوگا

اجلاس میں جے یو آئی اور اے این پی کے مسودوں کی تجاویز پر غور کیا گیا، سربراہی کانفرنس میں مصروفیت کے باعث صرف 12 اراکین شریک ہوئے۔

26ویں آئینی ترمیم کے مسودے کو حتمی شکل دینے کے لیے پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کا ان کیمرا اجلاس کل 11 بج کر 30 منٹ پر پارلیمنٹ ہاؤس میں ہو گا۔

ڈان نیوزکے مطابق سید خورشید شاہ کی زیر صدارت آج ہونے والے پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کے ان کیمرا اجلاس میں صرف 12 اراکین ہی شریک ہوئے۔

شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس میں مصروفیت اور راستوں کی بندش کے باعث زیادہ تر ارکان اجلاس سے غیر حاضر رہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں جمعیت علمائے اسلام (ف) اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے مسودوں کی تجاویز پر غور کیا گیا۔

خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں نے شرکت نہیں کی، کمیٹی کو پی ٹی آئی کی جانب سے آئینی ترامیم کا کوئی مسودہ فراہم نہیں کیا گیا۔

اجلاس کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمٰن نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی کے باعث راستوں کی بندش سے کئی ارکان اجلاس میں شریک نہ ہو سکے۔

ایک سوال کے جواب میں شیری رحمٰن نے کہا کہ مسودوں سے متعلق تجاویز پر مشاورت جلد مکمل ہو جائے گی۔