پاکستان

کوکی خیل قبیلے کا طورخم شاہراہ پر گزشتہ 75 دنوں سے جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قبائلی عوام نے بڑی قربانیاں دی ہیں، یہ ملک میں امن کی خاطر اپنے گھر بار چھوڑے اور تکالیف برداشت کیں، وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور

خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کے کوکی خیل قبیلے نے طور خم شاہراہ پر گزشتہ 75 دنوں سے جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے کوکی خیل قبیلے کے عمائدین کے جرگے نے ملاقات کی اور عارضی بے گھر افراد کی علاقوں کو واپسی پر مشاورت کی۔

رپورٹ کے مطابق ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ جو علاقہ کلیئر ہے وہاں لوگوں کی واپسی کے لیے رجسٹریشن کا عمل فوری شروع ہوگا۔

اس دوران آئندہ ہفتے اجلاس منعقد کرکے واپسی کا لائحہ عمل طے کرنے پر بھی اتفاق ہوا، اس کے بعد کوکی خیل قبیلے نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ مسئلے کے حل کے لیے مجھ پر اعتماد کرنے پر کوکی خیل کے عمائدین کا مشکور ہوں، میں ان کے اعتماد پر پورا اترنے کی بھر پور کوشش کروں گا۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اگلے ہفتےاجلاس منعقد کرکے بے گھر افراد کی بحالی کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قبائلی عوام نے بڑی قربانیاں دی ہیں، یہ ملک میں امن کی خاطر اپنے گھر بار چھوڑے اور تکالیف برداشت کیں۔