صحت

عالمی ادارہ صحت نے خناق کی ادویات سندھ حکومت کو عطیہ کردیں

خناق کی عام علامات میں سخت اور بڑے آواز کی کھانسی، سانس لینے میں مشکل، گلے میں خارش، آواز کا بھاری یا تبدیل ہونا، ناک بہنا یا بند ہونا اور بخار شامل ہیں۔

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے خناق کے علاج کی اینٹی ٹاکسن ادویات سندھ حکومت کو عطیہ کردیں۔

سندھ بھر کے سرکاری ہسپتالوں سمیت نجی ہسپتالوں میں خناق کے علاج کے دوران کام کرنے والی اینٹی ٹاکسن ادویات کی قلت پیدا ہوگئی تھی، جس وجہ سے صوبے بھر میں خناق کے مرض میں مبتلا بچوں کی اموات بھی ہوئی ہیں۔

محکمہ صحت سندھ نے گزشتہ ہفتے بتایا تھا کہ صوبے بھر میں رواں برس 5 اکتوبر تک خناق سے 28 بچوں کی اموات ہوئیں اور 166 کیسز رپورٹ ہوئے۔

محکمہ صحت نے بتایا تھا کہ خناق کے سب سے زیادہ کیسز صوبائی دارالحکومت کراچی میں رپورٹ ہوئے، تاہم اموات سب سے زیادہ حیدرآباد ڈویژن کے ضلع دادو میں ہوئیں۔

اس سے قبل خبریں پھیلی تھیں کہ سندھ بھر میں خناق سے 100 بچوں کی اموات ہوئی ہیں، جس پر سندھ حکومت نے واضح کیا تھا کہ بیماری سے صرف 28 بچوں کی اموات ہوئی ہیں۔

سندھ بھر میں خناق کے علاج میں کام آنے والی اینٹی ٹاکسن ادویات کی قلت کے بعد عالمی ادارہ صحت نے سندھ حکومت کو ویکسینز فراہم کیں۔

انگریزی اخبار ’دی نیوز‘ کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے حکام نے اینٹی ٹاکسن ویکسینز کی 500 خوراکیں سندھ حکومت کے حوالے کیں، جنہیں سندھ انفیکشس ڈیزیز سمیت نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ (این آئی سی ایچ) میں استعمال کیا جائے گا۔

دوسری جانب وفاقی محکمہ صحت کے ادارے ”ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان“ ’ڈریپ‘ نے بھی اینٹی ٹاکسن ادویات کی بیرون ملک فروخت پر پابندی عائد کرتے ہوئے ہدایات جاری کیں ہیں کہ پہلے ملک میں ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

یہاں یہ بات یاد رہے کہ خناق میں مبتلا بعض بچوں کے علاج کے لیے اینٹی ٹاکسن کی ادویات پر ڈھائی لاکھ روپے تک خرچ آتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ خناق ناقابل علاج نہیں، اگر والدین پابندی سے بچوں کو خناق سے بچائو کی ویکسینز لگوائیں تو اس بیماری پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

یہ بیماری خصوصی طور پر نوزائیدہ یا 10 سال سے کم عمر بچوں کو نشانہ بناتی ہے، خناق وائرس سے ہونے والا سنگین انفیکشن ہے جس کے سبب سانس کی نالیوں میں سوزش ہوجاتی ہے اور بچے کے سانس لینے پر آواز آتی ہیں۔

خناق کی عام علامات میں سخت اور بڑے آواز کی کھانسی، اونچی آواز میں سانس لینا، خرخراہٹ، سانس لینےمیں مشکل ہونا، گلے میں خارش، آواز کا بھاری یا تبدیل ہونا ناک بہنا یا بند ہونا اور بخار شامل ہیں، تاہم اس میں سے بعض علامات دوسرے مسائل کی وجہ سے بھی ہوسکتی ہیں۔

بچوں میں مذکورہ علامات کے بعد فوری طور پر ماہر ڈاکٹر سے رجوع کیا جانا چاہیے اور بچوں کا فوری اور ٹھوس علاج کیا جانا چاہیے۔

خناق کے باعث سندھ میں 100 نہیں 28 بچوں کی اموات ہوئی، محکمہ صحت

سندھ میں خناق سے رواں برس 100 بچوں کے انتقال کا انکشاف

وٹامن ڈی کے یومیہ استعمال سے کولیسٹرول، ہائی بلڈ پریشر و ذیابیطس کم ہونے کا انکشاف