ایس سی او اجلاس سے معاشی بہتری کی امید: اسٹاک مارکیٹ 86 ہزار 205 پوائنٹس کی بلند سطح پر
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 365 پوائنٹس اضافے کے بعد 86 ہزار 205 کی بُلند سطح پر موجود ہے، جس کی بنیادی وجہ اسلام آباد میں منعقد شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس سے ملکی معیشت میں بہتری کی امیدیں ہیں۔
پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق کے ایس ای-100 انڈیکس 365 پوائنٹس یا 0.43 فیصد بڑھ کر 86 ہزار 205 پر پہنچ گیا، جو گزشتہ روز 85 ہزار 840 پر بند ہوا تھا۔
اے کے ڈی سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ اویس اشرف نے بتایا کہ پاکستان میں جاری شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس اور چینی وزیر اعظم کے دورے سے اضافی فنانسنگ کے وعدوں پر سرمایہ کار بہتری کے حوالے سے پر امید ہیں۔
پاکستان 2017 میں قازقستان میں ہونے والے ایس سی او کے سربراہی اجلاس میں تنظیم کا مکمل رکن بنا تھا، جس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف نے شرکت کی تھی، انہوں نے حال ہی میں بھارت کے ساتھ تعلقات کی بحالی کی امید بھی ظاہر کی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتہ اسٹاک مارکیٹ کے لیے بہترین ثابت ہوا تھا، جب انڈیکس 83 ہزار 531 سے ایک ہزار 952 پوائنٹس یا 2.33 فیصد بڑھ کر 85 ہزار 483 پر پہنچا تھا۔
9 اکتوبر کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 627 پوائنٹس تیزی کے بعد 86 ہزار کی نئی بُلند ترین سطح عبور کر گیا تھا، تاہم کاروبار کے اختتام تک یہ رجحان برقرار نہیں رہا تھا اور انڈیکس 5 پوائنٹس بڑھ کر 85 ہزار 669 پر بند ہوا تھا۔
8 اکتوبر کو بھی زبردست تیزی کا رجحان رہا تھا اور بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 753 پوائنٹس اضافے کے بعد 85 ہزار 663 پوائنٹس کی بُلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔
7 اکتوبر کو کے ایس ای-100 انڈیکس 1378 پوائنٹس یا 1.65 فیصد اضافے کے ساتھ 84 ہزار 910 پر بند ہوا تھا۔