ڈریسنگ روم میں بھارت کیخلاف میچ پر بات کرنے پر پابندی ہے، محمد حارث
پاکستان شاہینز کے کپتان محمد حارث نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) ایمرجنگ ٹیمز ٹی 20 ایشیا کپ میں شرکت کے لیے کراچی سے اومان روانہ ہونے سے قبل کہا ہے کہ ڈریسنگ روم میں بھارت کے خلاف ہونے والے میچ کے بارے میں بات کرنے پر پابندی ہے۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایمرجنگ ایشیا کپ کے یے تیاریاں بھرپور ہیں، امید ہے اپنے ٹائٹل کا دفاع کر سکیں گے۔
محمد حارث نے کہا کہ ڈریسنگ روم میں بھارت کے خلاف بات کرنے پر پابندی ہے، بھارت کے خلاف میچ کا سوچ کر کھلاڑیوں پر پریشر آجاتا ہے، بھارت کا پریشر پلیئرز پر نہیں ڈالنا،میں نے بطور کپتان اور ہیڈ کوچ نے بھارت کے حوالے سے بات کر پر پابندی عائد کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صرف بھارت ہی پر فوکس نہیں ہوگا، دیگر ٹیموں کے ساتھ بھی مقابلے ہیںہر ٹیم کے خلاف ہمارا پلان الگ ہوگا، پچھلے سال بھی کپتان تھا۔
وکٹ کیپر بیٹر نے پاکستان کے وائٹ بال ٹیم کے کپتان بننے کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی نے ان سے کپتانی کے حوالے سے کوئی رابطہ نہیں کیا، کپتانی کا ابھی نہیں سوچا، پی سی بی نے مجھے مختلف ٹیموں کا کپتان بنایا ہے ، ان کی مکمل توجہ اس وقت ایمرجنگ ایشیا کپ پر ہے۔
محمد حارث نے کہا کہ ایمرجنگ ایشیا کپ میں بطور اوپنر کھیلوں گا، ہمارے کھلاڑی فٹ ہیں ، کھلاڑیوں کی فٹنس بھرپور ہے، مینز اور ویمنز ٹیم کے ساتھ ہمارا کوئی تعلق نہیں،ہمارا پورا فوکس ایمرجنگ ایشیا کپ پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم شکست سے نہیں ڈرتے، ایمرجنگ میں سیکھنا اہم ہے، ایمرجنگ ٹیم کی کپتانی کرنا مختلف تجربہ ہے، چیمپئنز ون ڈے کپ میں سینئر کھلاڑیوں کی بھی کپتانی ہے،جہاں ٹیم کو ضرورت ہوگی وہاں کھیلوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان شاہینز میں اوپننگ پیئر کا مسئلہ ہے، اس لیے اوپننگ کروں گا،ایمرجنگ ایشیا کپ میں 23 سال سے زائد عمر کے 4 پلیئرز کھیل سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 5 روزہ کرکٹ پر فوکس ہے، فرسٹ کلاس کے میچز کھیلنے ہیں۔
پاکستان شاہینز ٹیم اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ٹی 20 ایشیا کپ میں شرکت کیلئے اومان روانہ
پاکستان شاہینز ٹیم اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں شرکت کے لیے کراچی سے اومان روانہ ہوگئی۔
ٹیم کی کراچی ایئر پورٹ سے روانگی کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا کہ پاکستان شاہینز ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈ کی قیادت محمد حارث کریں گے جب کہ عمر رشید ہیڈ کوچ، عمران فرحت بیٹنگ کوچ اور رفعت اللہ مہمند فیلڈنگ کوچ ہوں گے۔
پی سی بی نے بتایا کہ پاکستان شاہینز نے 11 سے 15 اکتوبر تک کراچی میں ٹریننگ کیمپ کیا۔
پاکستان شاہینز ٹیم اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ٹی 20 ایشیا کپ میں اپنا پہلا میچ انڈیا اے کے خلاف 19 اکتوبر کو کھیلے گی۔
بیان کے مطابق شاہینز ٹیم 21 اکتوبر کو میزبان اومان اور 23 اکتوبر کو متحدہ عرب امارات کے خلاف بقیہ گروپ بی کے میچز کھیلے گی۔
اس میں کہا گیا کہ ٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنل 25 اکتوبر جبکہ فائنل 26 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔