پاکستان

وزیراعظم شہباز شریف کا ایس سی او اجلاس میں شریک سربراہان مملکت کے اعزاز میں عشائیہ

شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے پہلے دن سربراہان مملکت کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں بھارتی وزیر خارجہ سمیت غیر ملکی شخصیات کا خیرمقدم کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس کے پہلے دن سربراہان مملکت کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں بھارت کے وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر سمیت غیر ملکی شخصیات کا خیرمقدم کیا۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شریک سربراہان مملکت کے اعزاز میں عشائیہ دیا اور وفود کے سربراہان کا استقبال کیا۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کا بھی استقبال کیا اور ان سے مصافحہ کیا۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے 23واں سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے مختلف ممالک کے وزرائے اعظم اور سربراہان مملکت کی پاکستان آمد کا سلسلہ جاری ہے، کچھ دیر قبل بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر بھی پاکستان پہنچے۔

تنظیم کے رکن ممالک روس، بیلاروس، قازقستان،کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان کے وزرائے اعظم کے علاوہ ایران کے اول نائب صدر اور بھارت کے وزیر خارجہ اپنے ممالک کی نمائندگی کریں گے۔

چین کے وزیراعظم لی چیانگ اپنے ملک کی نمائندگی کریں گے۔

منگولیا کے وزیراعظم مبصر ریاست کے طور پر اور ترکمانستان کے وزرا کی کابینہ کے نائب چیئرمین اور وزیر خارجہ بھی مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔

شنگھائی تعاون تنظیم کونسل کے رکن ممالک کے سربراہان حکومت کے اجلاس میں معیشت، تجارت، ماحولیات اور سماجی و ثقافتی روابط کے شعبوں میں تعاون پر بات چیت کی جائے گی اور تنظیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف اجلاس کے موقع پر دورے پر آئے ہوئے وفود کے سربراہان سے اہم دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔

پروگرام کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق 16 اکتوبر بروز بدھ کی صبح عالمی رہنما کانفرنس میں شرکت کے لیے آئیں گے، وزیر اعظم مہمانوں کو خوش آمدید کہیں گے اور اس کے بعد عالمی رہنماؤں کی گروپ فوٹو کھینچی جائے گی، اس کے بعد کانفرنس کا باضابطہ آغاز ہو گا اور عالمی رہنما خطاب کریں گے۔

اس کے بعد دستاویزات پر دستخط کیے جائیں گے جس کے بعد وزیر اعظم الوداعی خطاب کریں گے۔

بدھ کی دوپہر ڈپٹی وزیر اعظم اسحٰق ڈار اور شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل میڈیا میں بیانات جاری کریں گے جس کے بعد وزیر اعظم معزز مہمانوں کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے۔

ایس سی او اجلاس: ’دنیا صرف پاک-بھارت تعلقات کے گرد نہیں گھومتی‘

شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس، بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر پاکستان پہنچ گئے

صدر مملکت سے چینی وزیر اعظم کی ملاقات، اسٹریٹیجک تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق