کھیل

موقع ملنے کا انتظار تھا، 100 فیصد کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کی، کامران غلام

4 سال سے ٹیم میں کھیلنے کا بے تابی کے ساتھ انتظار تھا، جب میں وکٹ پر آیا تو پریشر تھا، مڈل آرڈر بلے باز

انگلینڈ کے خلاف ملتان میں جاری دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز کھیل اپنے ڈیبیو میچ میں سنچری بنانے والے کامران غلام نے کہا ہے کہ مجھے ٹیم میں کھیلنے کے موقع کا انتظار تھا اور جب موقع ملا تو 100 فیصد کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کی۔

قومی ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کی جگہ ٹیم میں شامل کیے گئے کامران غلام اپنے ڈیبیو میچ میں ہی سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کرنے والے 13ویں پاکستانی بلے باز ہیں۔

انہوں نے اپنے ڈیبیو میچ میں 198 گیندوں پر ایک چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے سنچری بنائی، انہوں نے جو روٹ کو باؤنڈری لگا کر اپنی پہلی سنچری مکمل کی، وہ 118 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کامران غلام نے کہا کہ ڈومیسٹک میں بھی ایسے ہی کھیلتا تھا، مجھے بس چانس ملنے کا انتظار تھا۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے میں نے 100 اسکور کیے، میں نے اپنا سو فیصد دینے کی کوشش کی ہے، جب میں وکٹ پر آیا تو پریشر تھا، 4 سال سے ٹیم میں کھیلنے کا بے تابی کے ساتھ انتظار تھا۔