پاکستان

کراچی: بحریہ ٹاؤن میں ٹریفک حادثہ، 2 افراد جاں بحق، 22 زخمی

نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے اندر وین اور کار کے درمیان تصادم میں ایک خاتون اور مرد جاں بحق جبکہ 22 افراد زخمی ہوئے جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے، ترجمان ایدھی

کراچی میں سپر ہائی وے پر بحریہ ٹاؤن کراچی کے اندر منی ٹرک اور کار میں تصادم کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 22 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس اور ریسکیو سروسز کے حکام نے ہلاکتوں اور زخمی افراد کی تعداد کی تصدیق کی۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے اندر وین اور کار کے درمیان تصادم میں ایک خاتون اور مرد جاں بحق جبکہ 22 افراد زخمی ہوئے جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔

گڈاپ سٹی پولیس کے ایس ایچ او سرفراز جتوئی کے مطابق حادثہ اتنا شدید تھا کہ دونوں گاڑیاں بری طرح سے تباہ ہو گئیں۔

ضلع ملیر کے سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) کاشف عباسی نے ڈان کو بتایا کہ وہ ان وجوہات کی تحقیقات کر رہے ہیں جن کی وجہ سے یہ المناک حادثہ پیش آیا۔