کھیل

معروف فرانسیسی فٹبالر ایمباپے پر سوئیڈن میں خاتون سے ریپ کا الزام

یہ کیسا اتفاق ہے میرے سابق کلب پی ایس جی کیخلاف کیس کی سماعت سے ایک دن پہلے یہ الزام عائد کیا گیا، کلیان ایمباپے کی الزامات کی تردید

سویڈش پراسیکیوٹرز نے معروف فرانسیسی فٹبالر کلیان ایمباپے کے اسٹاک ہوم کے دورے کے بعد سوئیڈن میں خاتون سے ریپ کی تحقیقات کی تصدیق کردی تاہم انہوں نے ملزم کا نام نہیں بتایا۔

غیر ملکی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق گزشتہ روز سوئیڈن کے دو اخبارات نے رپورٹ کیا کہ فرانس کے معروف فٹبالر کلیان ایمباپے کے دارالحکومت اسٹاک ہوم کے دورے کے بعد ایک خاتون سے ریپ کی تحقیقات کا آغاز ہوا ہے۔

سویڈن پراسیکیوٹرز نے اسٹاک ہوم مبینہ ریپ کی تحقیقات سے متعلق میڈیا میں چلنے والی خبروں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے پولیس میں ایک مقدمہ درج کروایا گیا ہے۔

’مبینہ واقعہ 10 اکتوبر کو ایک ہوٹل میں پیش آیا تاہم فی الحال مشتبہ شخص سے متعلق کوئی بھی معلومات شیئر نہیں کی جاسکتی‘۔

سویڈن کے دونوں اخبارات نے متعدد حوالوں سے ایمباپے کو ہی مشتبہ شخص کے طور پر ظاہر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس حوالے سے معلومات حاصل کی جاچکی ہیں۔

اے ایف پی کی جانب سے رابطہ کرنے پر فرانسیسی فٹبالر ایمباپے نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے خلاف کسی قانونی کارروائی کا علم نہیں ہے۔

فرانسیسی کھلاڑی کو ملک میں ہونے والے نیشنز لیگ میچوں کے لیے منتخب نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے انہوں نے دوستوں کے ایک گروپ کے ہمراہ سویڈن کے دارالحکومت کا دورہ کیا۔

سوئیڈن کے اخبار کے مطابق کلیان ایمباپے نے نائٹ کلب جانے سے پہلے ریسٹورنٹ میں کھانا گیا اور بعد ازاں گروپ نے ایک دن اسٹاک ہوم میں گزارنے کے بعد جمعہ کو وہاں سے واپس روانہ ہوئے۔

فرانسیسی کھلاڑی نے سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں لکھا ’سوئیڈن اخبار کے دعوے اور فرینچ لیگ کمیٹی میں ہونے والی کیس کی سماعت کا آپس میں کوئی تعلق ہے‘۔

انہوں نے لکھا ’جھوٹی خبر! یہ کیسا اتفاق ہے کہ کیس کی سماعت سے ایک دن پہلے یہ خبر سامنے آجاتی ہے‘۔

یاد رہے کہ کلیان امباپے نے اپنے سابق کلب پی ایس جی کے خلاف کیس دائر کررکھا ہے جس میں امباپے نے تنخواہوں اور بونس کی مد میں 60 ملین پاؤنڈ طلب کیے ہیں۔