پاکستان

شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس: دفتر خارجہ نے تفصیلات جاری کردیں

ایس سی او کے سربراہی اجلاس کا باقاعدہ آغاز مہمانوں کی آمد، استقبال اور گروپ فوٹوز کے بعد ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف کے اختتامی کلمات سے کانفرنس کے ایجنڈا آئٹمز مکمل ہوں گے۔

دفتر خارجہ نے اسلام آباد میں 15 اور 16 اکتوبر کو ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس کی تفصیلات جاری کردیں۔

ڈان نیوز کے مطابق اجلاس میں شرکت کے لیے غیر ملکی وفود کل اسلام آباد پہنچیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے کل مہمان وفود کے اعزاز میں عشائیہ دیا جائے گا، ایس سی او سمٹ کا باقاعدہ آغاز 16 اکتوبر کو جناح کنونشن سینٹر میں ہوگا، جناح کنونشن سینٹر آمد پر وزیر اعظم شہباز شریف تمام غیر ملکی سربراہان اور وفود کا خیر مقدم کریں گے۔

کانفرنس کا باقاعدہ آغاز مہمانوں کی آمد، استقبال اور گروپ فوٹوز کے بعد ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف ایس سی او کانفرنس سے افتتاحی خطاب کریں گے جس کے بعد غیر ملکی وفود کے سربراہان کانفرنس سے خطاب کریں گے۔

غیر ملکی رہنماؤں کے خطاب کے بعد دستاویزات پر دستخط کیے جائیں گے، وزیر اعظم شہباز شریف کے اختتامی کلمات سے کانفرنس کے ایجنڈا آئٹمز مکمل ہوں گے۔

قبل ازیں چین کے وزیراعظم لی چیانگ ایس سی او کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے 4 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے تھے، یہ کسی بھی چینی وزیراعظم کا 11 سال بعد پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔

چینی وزیراعظم لی چیانگ وفد کے ہمراہ ایئرچائنا کے طیارے میں نور خان ایئر بیس پر اترے، جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزرا کے ہمراہ چینی ہم منصب کا نورخان ایئر بیس پر استقبال کیا۔

شنگھائی تعاون تنظیم کی تاریخ

شنگھائی تعاون تنظیم (ایس ای او) علاقائی، سیاسی، اقتصادی اور دفاعی تنظیم ہے، اس تنظیم کو ابتدا میں چین اور روس نے قائم کیا تھا، چین، روس، قازقستان، کرغزستان، ازبکستان اور تاجکستان ایس ای او کے ممبر ملک تھے۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے مستقل ارکان کی تعداد 10 ہے، 3 ممالک مبصر اور 14 ممالک ڈائیلاگ پارٹنرز کی حیثیت سے تنظیم سے منسلک ہیں۔

پاکستان اور بھارت نے جون 2017، ایران نے 2023 میں مستقل ارکان کی حیثیت سے شمولیت اختیار کی جبکہ بیلاروس نے 2024 میں تنظیم کے مستقل رکن کی حیثیت سے شمولیت اختیار کی۔

ایس سی او دنیا کی 40 فیصد آبادی اور جی ڈی پی کا تقریباً 32 فیصد حصہ رکھتی ہے، سربراہان مملکت کی کونسل شنگھائی تعاون تنظیم میں سب سے بڑا فیصلہ سازی کا حامل فورم ہے۔

شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس رکن ممالک کے دار الحکومت یا کسی ایک شہر میں ہر سال منعقد ہوتا ہے۔

ایس سی او تنظیم کے اہداف میں دوستانہ ہمسائیگی، تجارت، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم، توانائی، سیاحت کے شعبوں میں تعاون، خطے میں امن و امان اور سلامتی کو مشترکہ طور پر یقینی بنانا شامل ہے۔