پاکستان

چینی وزیراعظم کی وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں آرمی چیف سے ملاقات

وزیراعظم ہاؤس آمد پر لی چیانگ کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جنرل عاصم منیر نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، چینی وزیراعظم نے بھی گرمجوشی سے آرمی چیف سے مصافحہ کیا۔

شنگھائی تعاون کونسل (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے چین کے وزیراعظم لی چیانگ اسلام آباد پہنچ گئے جبکہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا جبکہ چینی وزیراعظم نے گرمجوشی سے آرمی چیف سے مصافحہ کیا۔

چین کے وزیراعظم لی چیانگ شنگھائی تعاون کونسل کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے 4 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، یہ کسی بھی چینی وزیراعظم کا 11 سال بعد پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔

چینی وزیراعظم لی چیانگ وفد کے ہمراہ ایئرچائنا کے طیارے میں نور خان ایئر بیس پر اترے، جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزرا کے ہمراہ چینی ہم منصب کا پرتپاک استقبال کیا۔

اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف کے ہمراہ نائب وزیر اعظم اسحٰق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال و دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔

نور خان ایئربیس پر دو بچوں نے چینی وزیراعظم کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے، پاکستان آمد پر چینی وزیراعظم کو 21 توپوں کی سلامی پیش کی گئی۔

اسلام آباد میں وزیراعظم ہاؤس آمد پر لی چیانگ کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بھی چینی وزیراعظم لی چیانگ کا پرتپاک استقبال کیا، چینی وزیراعظم نے گرمجوشی سے آرمی چیف سے مصافحہ کیا۔

یاد رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے لیے مختلف ممالک کے وفود کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، چین، بھارت، روس، ایران اور کرغزستان سمیت مختلف ممالک کے وفود پاکستان پہنچ چکے ہیں۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر چین کے وزیراعظم لی چیانگ 14 سے 17 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ دورے کے دوران چینی وزیر اعظم صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ساتھ اعلیٰ عسکری قیادت سے بھی ملاقات کریں گے۔